Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج ضوابط کی خلاف ورزی: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، مزید افراد گرفتار

ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی سزاوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی سکیورٹی فورسز حج پرمٹ کے بغیر مکہ اور مقدس مقامات میں داخل ہونے سے اور وہاں قیام سے روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حج ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری اور قانونی سزاؤں کا انتباہ کیا گیا ہے۔
مکہ پولیس نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر جعلی اور گمراہ کن اشتہارات پوسٹ کرنے پر چھ انڈونیشی شہریوں کو دھوکہ دہی کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے’ ملزمان کے قبضے سے جعلی پرمٹ اور ڈیوائسز بھی برآمد ہوئی ہیں۔‘
ایک اور واقعے میں مکہ پولیس نے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر دو شہریوں کو گرفتار کیا جو بغیر پرمٹ مکہ 17 پاکستانیوں کو کچی سڑکوں اور وادیوں کے ذریعے مکہ میں داخل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
 مکہ مکرمہ میں داخلے کے جعلی پرمٹ کی پیشکش پر مبنی اشتہارات سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے الزام میں ایک شہری کو حراست میں لیا گیا۔ 
قانونی کارروائی کے بعد تمام افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔
یاد رہے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال  تک جرمانے اور سخت سزاؤں کا انتباہ یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک کےلیے ہے۔
وزارت کا کہنا کہ’ مملکت میں مقیم جو بھی غیرملکی ضوابط کی خلاف ورزی کرے گا اسے واپس بھیج دیا جائے گا اور دس برس سے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔‘
وزارت نے تمام افراد پر زور دیا کہ’ وہ اس سال حج سیزن 2026 کے ضوابط پر عمل کریں۔ عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔‘
وزارت نے انتباہ کیا کہ ’ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی سزاوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
 پرمٹ کے بغیر ممنوعہ مدت میں مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنا، یا وزٹ ویزے پر مملکت میں مقیم کسی بھی غیرملکی کو مکہ لے جانا، یا ایسے افراد کو رہائش یا ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا سنگین خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔
حج ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور منطقہ شرقیہ کے علاقوں میں ہیلپ لائن نمبر 911 اور مملکت کے دیگر علاقوں میں ہیلپ لائن نمبر 999 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔

 

شیئر: