مملکت میں حج ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں تیز، متعدد افراد گرفتار
قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی سکیورٹی فورسز حج ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مکہ ریجن میں پولیس نے اقامے، نسک کارڈ اور حج بریسلیٹ میں جعلسازی کے الزام میں 18 غیرملکیوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں پاکستانی اور افغان باشندے شامل ہیں۔
مکہ مکرمہ پولیس نے سوشل میڈیا پر حج خدمات کے جعلی اور گمراہ کن اشتہارات پوسٹ کرنے پر ایک انڈونیشی شہری کو بھی حراست میں لیا۔
دس غیر ملکیوں کو جن میں سوڈانی، مصری اور یمنی شامل ہیں، بغیر اجازت مکہ میں داخل ہونے اور وہاں قیام کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا۔
اس سے قبل پانچ افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا جو صحرائی علاقے میں پیدل مکہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
قانونی کارروائی کے بعد تمام افراد کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔
یاد رہے حج ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سخت سزاؤں کا انتباہ یکم ذی القعدہ سے 14 ذی الحجہ تک کےلیے ہے۔
وزارت نے تمام افراد پر زور دیا کہ’ وہ اس سال حج سیزن 2026 کے ضوابط پر عمل کریں۔ عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔‘
حج ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور منطقہ شرقیہ کے علاقوں میں ہیلپ لائن نمبر 911 اور مملکت کے دیگر علاقوں میں ہیلپ لائن نمبر 999 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔
