Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کا ورلڈ کپ شائقین کے لیے ویزا بانڈز میں نرمی کا اعلان

امریکہ نے ویزا کے لیے پانچ سے 15 ہزار ڈالر تک جمع کرانے کا کہا تھا (فوٹو: ٹریول بِز)
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے آنے والے بعض شائقین کی ویزا درخواستوں سے بانڈ کی رقم طلب کرنے کے نظام میں نرمی کرے گا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امیگریشن سے متعلق سخت اقدامات میں سے ایک کے تحت، امریکہ نے 50 ترقی پذیر ممالک کے لوگوں سے ویزا کے لیے پانچ سے 15 ہزار ڈالر تک جمع کرانے کا کہا تھا جو وطن واپس جانے پر واپس کیے جاتے ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وہ ان بانڈز کو ان ٹیم ممبران کے لیے معاف کرے گا جو ورلڈ کپ میچوں میں حصہ لے رہے ہیں، اور ان شائقین کے لیے بھی جو مقابلہ کرنے والے ممالک سے ہیں، پہلے ہی ٹکٹ خرید چکے ہیں اور ویزا کے لیے ترجیحی نظام میں رجسٹرڈ ہیں۔
بدھ کو معاون وزیر خارجہ برائے قونصلر امور، مورا نامدار نے کہا کہ ’ہم امریکی قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے لیے جائز سفر کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ’تاریخ کا سب سے بڑا اور بہترین فیفا ورلڈ کپ‘ منعقد کرنا چاہتی ہے۔
فیفا کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’امریکی محکمہ خارجہ کا آج کا اعلان مزید ظاہر کرتا ہے کہ ہم امریکی حکومت اور وائٹ ہاؤس ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر ایک کامیاب، ریکارڈ توڑ اور ناقابل فراموش عالمی ایونٹ فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے والے پانچ ممالک کے شہریوں کو ویزا بانڈز ادا کرنے کی ضرورت ہے جن میں الجزائر، کیپ وردے، آئیوری کوسٹ، سینیگال اور تیونس شامل ہیں۔
کم از کم دو دیگر ممالک جنہوں نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے، امریکہ میں داخلے پر تقریباً مکمل پابندیوں کا سامنا کر چکے ہیں: ہیٹی، جو مغربی نصف کرہ کا غریب ترین ملک ہے، اور ایران جس پر امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو حملہ کیا۔
ورلڈ کپ 11 جون کو شروع ہوگا جس کی میزبانی کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

 

شیئر: