‘کھیل سیاست سے بالاتر‘، ایران ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے، فیفا کی تصدیق
‘کھیل سیاست سے بالاتر‘، ایران ورلڈ کپ میں شرکت کر رہا ہے، فیفا کی تصدیق
جمعرات 16 اپریل 2026 9:52
ایران نے فیفا سے درخواست کی تھی کہ اس کے میچ امریکہ سے میکسیکو منتقل کر دیے جائیں (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے بدھ کے روز کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باوجود ’ایران 2026 کے ورلڈ کپ میں ’یقینی طور پر‘ حصہ لے گا۔
انہوں نے براڈکاسٹر سی این بی سی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اقتصادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران ضرور آ رہا ہے۔ ہم پُرامید ہیں کہ اس وقت تک حالات پُرامن ہو جائیں گے جو یقیناً مددگار ثابت ہوں گے۔‘
جیانی انفانٹینو نے مزید کہا کہ ’ایران کو آنا ہوگا، وہ اپنے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، انہوں نے کوالیفائی کیا ہے، اور کھلاڑی کھیلنا چاہتے ہیں۔‘ انہوں نے یہ بات ٹیم کے ان میچوں کے حوالے سے کہی جو جون میں امریکہ میں کھیلے جائیں گے۔
جیانی انفانٹینو نے مارچ میں بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا تھا، جب وہ ترکی کے شہر انطالیہ میں ایران اور کوسٹاریکا کے دوستانہ میچ میں موجود تھے، جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ اشارہ دے چکے ہیں کہ ممکن ہے ایرانی کھلاڑی امریکہ میں ‘محفوظ‘نہ ہوں۔
ایران کو اپنے تینوں گروپ جی کے میچز امریکہ میں کھیلنے ہیں جن میں سے دو لاس اینجلس میں اور ایک سیئٹل میں ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران ان کا بیس ٹکسن، ایریزونا میں ہوگا۔
سیاست سے ہٹ کر
ایران کی اس عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت، جس کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، اس وقت مشکوک ہو گئی تھی جب 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد یہ تنازع شروع ہوا تھا۔
ایران نے ابتدا میں اس ایونٹ کے ’بائیکاٹ‘ کا امکان بھی ظاہر کیا تھا، اور بعد میں فیفا سے درخواست کی تھی کہ اس کے میچ امریکہ سے میکسیکو منتقل کر دیے جائیں، تاہم عالمی فٹبال تنظیم نے یہ درخواست مسترد کر دی۔
ایران کو اپنے تینوں گروپ جی کے میچز امریکہ میں کھیلنے ہیں جن میں سے دو لاس اینجلس میں اور ایک سیئٹل میں ہوگا (فوٹو: ایکس)
کئی ہفتوں تک ایران پر فضائی حملوں اور خطے میں ایران کی جوابی کارروائیوں کے بعد 8 اپریل کو ایک نازک جنگ بندی عمل میں آئی۔
تاہم تہران نے سٹریٹجک آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے، اور پیر سے واشنگٹن نے ایرانی بندرگاہوں کی طرف آنے اور جانے والے بحری جہازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
جیانی انفانٹینو نے بدھ کے روز کہا کہ ’کھیل کو سیاست سے الگ رہنا چاہیے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر کوئی اور پل بنانے اور انہیں جوڑے رکھنے پر یقین نہیں رکھتا تو ہم یہ کام کر رہے ہیں۔‘
رواں سال ہونے جا رہے فٹ بال ورلڈ کپ میں میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ 11 جون سے شروع ہو رہا ہے۔