Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ریزرو میں تین ماہ کے دوران 15 عربی اوریکس کی پیدائش ریکارڈ

یہ جنگلی حیات کے تحفظ کے پروگرام کی کامیابی ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو میں سالِ رواں کی پہلی سہ ماہی میں عربی اوریکس (المھا العربی) کی پیدائش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق عربی اوریکس کی تعداد میں اصافہ ریزرو میں نباتاتی کور اور حیاتیاتی تنوع میں مسلسل بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ جنگلی حیات کے تحفظ کے پروگرام اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کی کوششوں کی کامیابی ہے۔
یہ پروگرام ریزرو میں ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد معدومیت کے خطرے سے دوچار انواع کا تحفظ کرنا، انہیں ان کے قدرتی ماحول میں دوبارہ آباد کرنا ہے۔
عربی اوریکس، صحرائی جنگلی حیات کی نمایاں انواع میں شمار ہوتا ہے، جو سخت موسمی اور ماحولیاتی حالات سے مطابقت رکھنے کی غیرمعمولی صلاحیت کا حامل ہے۔

یہ جانور اپنی خوراک صحرا کی گھاس اور پودوں سے حاصل کرتا ہے، لمبے اور سیدھے سینگ والا یہ جانور شدید گرم و خشک موسم کو برداشت کرنے کی غیرمعمولی صلاحیت کا حامل ہے۔
عربی اوریکس کی جسمانی خصوصیات اسے صحرائی ماحول میں زندہ رہنے میں مدد دیتی ہے، نسبتا کم گرم اوقات میں سرگرم رہتا ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی پر قابو پایا جائے۔
اسی وجہ سے اسے صحرائی ماحول سے سب سے زیادہ ہم آہنگ جانوروں کی فہرست میں شمار کیا جاتا ہے۔

واضح رہے امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو میں جنگلی حیات کی نگہداشت اور ان کے قدرتی مسکنوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس مقصد کے لیے خصوصی پروگرام بھی نافذ کیے جارہے ہیں، جن کا ہدف حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا اور معدومیت کی خطرے سے دوچار انواع کا تحفظ ہے۔

 

شیئر: