Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں برس سعودی رائل ریزرو میں 55 عربی النسل اوریکس اور غزال کی پیدائش

یہ کامیابیاں نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف کی کامیاب کاوشوں کا نتیجہ ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے امام عبدالعزیز بن محمد رائل ریزرو اور کنگ خالد رائل ریزرو میں اس سال کی دوسری سہ ماہی کے وسط تک کل 55 جنگلی حیات کی پیدائش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان میں عربی اوریکس اور غزال شامل ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اعداد و شمار جنگلی حیات کی بحالی اور معدومیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کو ان کے قدرتی ماحول میں دوبارہ متعارف کرانے کی کامیاب کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
امام عبدالعزیز رائل ریزرو میں 40 جبکہ کنگ خالد رائل ریزرو میں 15 جنگلی حیات کی پیدائش ریکارڈ کی گئی۔
یہ اعداد وشمار ان فیلڈ پروگرام کی موثر کاوشوں کو ظاہر کرتے ہیں جو ماحولیاتی توازن کے فروغ اور حیاتیاتی تنوع کے پائیدار تحفظ کے لیے کی جا رہی ہیں۔
یہ کامیابیاں نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف کی کامیاب کاوشوں کا نتیجہ ہیں جس کے تحت معدومیت کے خطرے سے دوچار ان جانوروں کو افزائش نسل کے لیے ان کے مزاج کے مطابق قدرتی ماحول فراہم کیا گیا۔

 بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پیدائش ان جانوروں کی بقا کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے جن کی آبادی گزشتہ دہائیوں میں غیرقانونی شکار اور ماحولیاتی چیلنجز کے باعث کم ہو گئی تھی۔ یہ کوششیں قومی منصوبوں کا حصہ بھی ہیں جن کا مقصد قدرتی ورثے کا تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کو فروغ دینا ہے۔
 یہ مثبت اشارے تحفظ اور دوبارہ آباد کاری کے پروگراموں کی کامیابی کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ یہ مملکت کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی کوششوں کو مضبوط بناتے ہیں تاکہ پائیدار ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھا جا سکے۔

 

شیئر: