Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کے پہاڑوں سے مٹی کو آغوش میں لیے وادیوں میں اترتی ہوئی آبشار

جازان ریجن کی الریث کمشنری کے پہاڑی سلسلے القھر کی بلند چوٹیوں سے گرنے والی الوھیدہ آبشار کے دلکش مناظر دور دراز سے آنے والے سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ آبشار جازان ریجن کے پہاڑی علاقوں میں نمایاں قدرتی مناظر میں سے ایک ہے۔ پانی گہری وادیوں کی جانب بہتا ہوا منفرد چٹانوں کے درمیان انتہائی سحر انگیز ماحول پیدا کرتا ہے۔
بارشوں اور وادیوں میں پانی کے بہاؤ کے موسم میں ان آبشاروں کی خوبصورتی مزید نکھر جاتی ہے، جب پہاڑی علاقوں اور آس پاس کی وادیوں سے آنے والا پانی جمع ہو کر آبشاروں کا رخ کرتا ہے۔
 وادی الخلصہ قدرتی معاون ندی کے طور پر شمار ہوتی ہے جہاں سے پانی تنگ چٹانی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا بلند گھاٹیوں کے درمیان گرتا ہے۔
یہ منظر جازان ریجن کے پہاڑی ماحول کی قدرتی خوبصورتی اور وادیوں کے منفرد آبی منظر کو نمایاں کرتا ہے۔

آبشاروں کے اطراف میں موجود قدیم درخت، نخلستان اور سرسبز وادیاں اس مقام کو مزید دلکش بناتی ہیں، جہاں سخت چٹانوں اور پرسکون قدرتی ماحول کے درمیان ایک خوبصورت توازن نظر آتا ہے۔
بلند مقامات سے دکھائی دینے والے پینورامک مناظر نے اس مقام کو سیاحوں، فطرت کے دلدادہ، مہم جو اور فوٹوگرافی کا شوق رکھنے والوں کے لیے ایک منفرد مقام بنا دیا ہے۔
الوھیدہ آبشار، القھر پہاڑ کے دامن میں واقع ہے جو مملکت کے جنوبی حصے کی نمایاں پہاڑی سیاحتی منزلوں میں شمار ہوتے ہیں۔

ان پہاڑوں کی بلندی سطح سمندر سے تقریباً 2 ہزار میٹر ہے جبکہ ان کی نوکیلی چٹانی ساختیں مغربی ساحلی خطے میں پھیلے سلسلہ کوہ سروات کا حصہ ہیں۔
یہ پہاڑ گہری وادیوں، غاروں اور متنوع ارضیاتی ساختوں کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں جبکہ بارشوں کے موسم میں ان کے دامن سرسبز موسمی نباتات سے ڈھک جاتے ہیں جو قدرتی حسن میں مزید اضافے کا باعث ہیں۔

اپنی منفرد جغرافیائی ساخت اور حیرت انگیز مناظر کے باعث الوھیدہ آبشار الریث کمشنری کی اہم قدرتی سیاحتی شناخت کے طورپر اپنی جگہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
یہ مقام، بلند پہاڑوں کی ہیبت، فطری سکون اور بلندیوں سے گرتے پانی کی گونج کو یکجا کرتے ہوئے جازان کے پہاڑی ماحول کی خوبصورتی کو نمایاں کرتا ہے۔

 

شیئر: