مکہ مکرمہ: شاہی مہمانوں کے لیے چوبیس گھنٹے شٹل سروس، یومیہ 50 ٹرپس
104 ممالک سے ڈھائی ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے اس سال حج پر آنے والے شاہی مہمانوں کے لیے ایک شٹل ٹرانسپورٹ نظام قائم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ میں شاہی مہمانوں کی رہائش اور مسجد الحرام کے درمیان یومیہ 50 سے زیادہ ٹرپس کیے جا رہے ہیں، یہ سروس 24 گھنٹے جاری رہتی ہے۔
شٹل سروس کےلیے جدید سہولتوں سے آراستہ بسیں مختص ہیں، انہیں مخصوص راستوں پر چلایا جاتا ہے تاکہ مہمانوں کی موومنٹ کو ہموار بنایا جا سکے۔
یاد رہے ضیوف خادم حرمین شریفین پروگرام برائے حج و عمرہ کے تحت اس سال 104 ممالک سے ڈھائی ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔
دو گروپوں میں 75 ممالک سے 1735 افراد مملکت پہنچے ہیں۔ انہیں بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ میں رہائش تک پہنچایا گیا۔

ایک جامع نظام کے تحت شاہی مہمانوں کی ان کے ملک سے روانگی سے لے کر سعودی عرب آمد تک خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
