شاہی مہمانوں کا مسجد قباء اور غزوہ احد کے مقام کا دورہ
شاہی مہمانوں کا مسجد قباء اور غزوہ احد کے مقام کا دورہ
جمعرات 12 جون 2025 20:28
مہمانوں کو معرکہ احد کے مقامات کی تفصیلات سے مطلع کیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
وزارت اسلامی امورنے خادم حرمین شریفین ضیافت پروگرام برائے حج و عمرہ کے زیر انتظام آنے والے حجاج کرام کے لیے مدینہ منورہ میں غزوہ احد کی زیارت کا اہتمام کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ایس پی اے‘ کے مطابق امسال شاہی ضیافت پروگرام کے تحت 100 سےزائد ممالک کے 2 ہزار 443 مرد وخواتین نے حج کی سعادت حاصل کی۔
وزارتِ اسلامی امورکی جانب سے شاہی مہمانوں کو فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ میں غزوہ احد کے تاریخی مقام پر لے جایا گیا جہاں انہیں احد پہاڑ اور ’جبل الرمہ‘ (تیر اندازوں کے لیے مخصوص پہاڑ جہاں غزوہ احد کے موقع پر نبی اکرم ﷺ نے تیر اندازوں کو متعین کیا تھا) کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا علاوہ ازیں شہدائے احد کے مقبروں کی بھی زیارت کرائی گئی۔
مہمانوں کو غزوہ احد کے بارے میں بتایا گیا کہ کس مقام پر اسلامی لشکر تھا جبکہ کفار کا لشکر کہاں سے آیا اور حق و باطل کے مابین کس مقام پر معرکہ ہوا۔
اسلامی دور کی اولین مسجد قبا کے توسیعی مراحل کے بارے میں بھی بتایا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
شاہی مہمانوں کو مسجد قباء بھی لے جایا گیا جو اسلام کی پہلی مسجد ہے ۔
مہمانوں کوتوسیع سے قبل مسجدِ قباء کی تصاویر بھی دکھائی گئیں علاوہ ازیں حالیہ توسیع کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کی گئیں۔
اسلامی تاریخی مقامات کا مشاہدہ کرنے پر شاہی مہمانوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گراں قدر اثاثہ قرار دیا۔
مہمانوں کا کہنا تھا کہ انہیں تاریخی مقامات کا مشاہدہ کرنے کا موقع میسرآیا جو وہ کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔
شاہی مہمانوں نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کا شکریہ ادا کیا کہ شاہی ضیافت پروگرام کے تحت انہیں بے پناہ عزت و تکریم دی گئی ۔