Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کرام کے لیے سہولیات فراہم کرنے پر سعودی ولی عہد کے شکر گزار ہیں: محسن نقوی

پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے حج انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکت کی وزارتِ حج کا پاکستانی حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر شکر گزار ہیں۔
منگل کو پاکستان کی وزارت داخلہ جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یہ شکریہ منیٰ کے ان خیمہ بستیوں کے دورے کے دوران ادا کیا جہاں پاکستان کے حجاج مقیم ہیں۔
اس سال کا حج شدید گرمی کے موسم میں ادا کیا جا رہا ہے جس میں حکام نے لاکھوں حجاج کرام کے لیے مکہ مکرمہ اور اس کے اطراف میں گرمی سے بچاؤ، ہجوم کے انتظام اور طبی سہولیات پر خصوصی توجہ دی ہے۔
پاکستان دنیا کے سب سے بڑے حج وفود میں شامل ہے جہاں اس سال تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار  حجاج کرام کے حج ادا کرنے کی توقع ہے۔ ان میں سے ایک لاکھ 15 ہزار  سے زیادہ سرکاری سکیم کے تحت جبکہ باقی نجی سکیم کے تحت حج ادا کریں گے۔
بیان کے مطابق منیٰ کے دورے کے دوران محسن نقوی نے پاکستانی حجاج کے مختلف کیمپوں کا معائنہ کیا اور عبادت گزاروں سے ملاقات کی، خاص طور پر بزرگ حجاج سے ملاقات کی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کیمپ کے دورے کے دوران محسن نقوی نے 100 برس کے ایک پاکستانی حاجی سے ملاقات کی اور ان کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔

محسن نقوی نے حجاج سے کیمپوں میں رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ کئی عبادت گزاروں نے بتایا کہ اس سال کے انتظامات گزشتہ برسوں کی نسبت بہتر ہیں۔
محسن نقوی نے پاکستان کے وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف اور پاکستان حج مشن کو بھی اس سال حج آپریشنز کے انتظامات پر سراہا۔

شیئر: