Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفر حج: حجاج کے قافلے رمی کے لیے مزدلفہ سے منیٰ پہنچنے لگے

17 لاکھ سے زائد حجاج منگل کو وقوف عرفہ کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچے، رات بسر کرنے کے بعد منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے رمی کے لیے منیٰ پہنچنے لگے۔ 
قبل ازیں دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں فرزندانِ اسلام نے حج کا رکن اعظم ادا کیا۔ زوالِ آفتاب کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں اور خطبہ حج سنا، دعاؤں اور عبادت میں مصروف رہے۔
حجاج کی زبانوں پر لبیک کے ساتھ ساتھ تسبیح و تمجید ، ہاتھ دعاؤں کے لیے بلند رہے۔ یومِ عرفہ پر حج کے اِس اہم ترین رُکن کی ادائیگی کے دوران بے شمار آنکھیں بھیگی رہیں۔
 مزدلفہ میں حجاج نے مغرب اور عشا کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں، رات بسر کی اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں۔ 
وزارتِ حج کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں عازمین کی موومنٹ کو منظم رکھنے کے لیے تمام حج مشنز کو شیڈول جاری کیا گیا ہے، جس کا مقصد ازدحام کو کنٹرول کرنا اور نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔

سکیورٹی امور مقررہ حکمت عملی کے مطابق کامیابی سے جاری ہیں۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ عازمین کی امن و سلامتی کے امور کو یقینی بنانے کے لیے بھر پور انداز میں کام کر رہے ہیں۔
مزدلفہ میں ایک مربوط آپریشنل سسٹم کے تحت حجاج کے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، اس کا مقصد حجاج کو مناسک کی ادائیگی کے دوران سکون اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ حج کے رکنِ اعظم ’وقوف عرفہ‘ کی ادائیگی کے لیے حجاج 8 ذوالحجہ کی شب سے ہی عرفات منتقل ہونا شروع ہو گئے تھے۔ حجاج کی میدان عرفات میں آمد کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے مطابق حج 2026 میں حجاج کی کل تعداد 17 لاکھ 7 ہزار 310(1.7 ملین) تک پہنچ گئی۔

 بیرون مملکت سے 15 لاکھ 46 ہزار 655 حجاج مختلف راستوں سے سعودی عرب آنے جبکہ داخلی حجاج جن میں شہری اور رہائشی شامل ہیں، کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 رہی۔

 

شیئر: