الباحہ ریجن کا الشروق پارک جہاں جدید سہولیات سے آراستہ سبزہ زاروں میں گھرا پرسکون ماحول عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران شہریوں اور سیاحوں کو تفریح کے پرسکون لمحات فراہم کر رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق الشروق پارک کا مجموعی رقبہ دو لاکھ مربع میٹر ہے، وسیع وعریض سبزہ زاروں میں گھرے اس پارک کا منظر، شاہ فہد روڈ کی بالائی جانب سے انتہائی دلکش دکھائی دیتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
مکہ میں عازمینِ حج کے لیے پارکس اور عوامی سہولیات تیارNode ID: 904223
پارک میں 81 ہزار مربع میٹر کا رقبہ سبزہ زارمیں گھرا ہوا ہے جہاں 5 ہزار 669 مختلف اقسام کے سایہ دار درخت، مصنوعی جھیل، فوارہ اور آبشاریں اس کی دلکشی میں اضافے کا باعث ہیں جن کا رقبہ 1785 مربع میٹر ہے۔
پارک میں 250 افراد کی گنجائش والا اوپن تھیٹر اور بیٹھنے کے لیے سیڑھیاں بھی موجود ہیں جبکہ اشیائے خورونوش کے چار خوبصورت و جدید طرز کے سٹالز، آٹھ تجارتی دکانیں، سات ہزار میٹر طویل واکنگ ٹریک، بچوں کے کھیلنے کے لیے 2500 مربع میٹر کا رقبہ مخصوص کیا گیا ہے۔
آنے والوں کی سہولت کے لیے دو منزلہ ریستوران بھی موجود ہے جس کا رقبہ 365 مربع میٹر ہے جبکہ اس کے بیرونی جانب 75 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ پارک میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے بھی بہترین انتظامات ہیں جہاں بیک وقت 600 سے زائد کاریں کھڑی کی جا سکتی ہیں۔
الباحہ ریجن کے میئر ڈاکٹر علی بن محمد السواط کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’پارک شہر کے مشرقی علاقوں، دیہات اور قرب و جوار کے علاقے کے لیے اہم و منفرد تفریحی مقام ثابت ہوگا جبکہ سیاحتی سیزن میں یہ رغدان پارک اور شہزادہ حسام پارک کا متبادل ہے۔‘












