Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے ساتھ معاہدے پر ابھی تک مطمئن نہیں ہوں: صدر ٹرمپ

ٹرمپ نے کہا کہ ایران بہت زیادہ سنجیدہ ہے، وہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ابھی تک ایران کی معاہدوں کی پیشکشوں سے مطمئن نہیں ہیں۔ اس سے قبل ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے مجوزہ معاہدےکے مسودے کی تفصیلات رپورٹ کیں۔
وائٹ ہاوس میں کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا’ وہ مشرق وسطی کی جنگ ختم کرنے کے معاہدے کے حوالے سے کسی جلدی میں نہیں۔ اس کے برعکس انہوں نے ہفتے کے آخر میں کہا تھا کہ ڈیل قریب ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعوی کیا کہ’ ایران بہت زیادہ سنجیدہ ہے، وہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے تاہم ابھی تک وہ یہاں تک پہنچے۔ ہم اس سے مطمئن نہیں ہیں لیکن ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا’ یا تو معاہدہ ہوجائے گا یا پھر ہمیں’کام مکمل‘ کرنا پڑے گا۔‘ ان کا اشارہ دوبارہ جنگ کی طرف تھا۔
اس سے قبل ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ میں کہا تھا کہ واشنگٹن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے مسودے میں ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، آبنائے ہرمز میں ٹریفک کی بحالی اور خلیج سے امریکی افواج کو واپس بلانے کا وعدہ شامل ہے۔
امریکی صدر نے ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ پر براہ راست جواب سے گریز کیا تاہم وائٹ ہاوس نے اس رپورٹ کو ’مکمل من گھڑت‘ قرار دیا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ’ وہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے جلدی نہیں کر رہے حالانکہ ایران جنگ کی وجہ سے نومبر میں ہونے والے مڈ ٹرم الیکشن سے پہلے امریکیوں کے لیے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔
 واضح رہے ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح انتہائی کم  سطح پر ہے، جبکہ مڈ ٹرم الیکشن میں چھ ماہ سے بھی کم  وقت رہ گیا جو یہ طے کرے گا کہ  ٹرمپ کی ری پبلکین پارٹی کانگریس پر کنٹرول برقرار رکھ سکے گی یا نہیں۔
انہوں نے  ایران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ’ وہ یہ سمجھتے  تھے کہ  مجھ سے زیادہ انتظار کریں گے کیونکہ مڈٹرم الیکشن قریب ہیں لیکن ہم اس سے زیادہ انتظار کریں گے۔’
انہوں نے یہ بھی کہا کہ’ مجھے مڈ ٹرم الیکشن کی پروا نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا’ ایران سمیت کوئی بھی آبنائے ہرمز کو کنٹرول نہیں کرے گا۔ انہوں نے ان رپورٹس کو مسترد کیا کہ ایران اور خلیجی ریاست عمان اس آبی گزر گاہ کے لیے ٹول سسٹم کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔‘
امریکی صدر نے جو آئندہ ماہ 80 سال کے ہو جائیں گے یہاں تک کہا کہ ’عمان بھی سب کی طرح برتاو کرنے گا ورنہ ہمیں انہیں اڑانا پڑے گا۔‘

شیئر: