سعودی ولی عہد کا عیدالاضحی پر شاہی شخصیات، علما اور شہریوں کا خیرمقدم
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، جو تمام مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں، کی جانب سے ولی عہد اور وزیرِاعظم، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بدھ کے روز عیدالاضحیٰ کے موقع پر منیٰ پیلس کے شاہی کورٹ میں مبارکباد دینے والوں کا استقبال کیا۔
مبارکباد پیش کرنے والوں میں شہزادے، مملکتِ کے مفتی اعظم ، سینیئر علما اور شیوخ، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے اعلیٰ حکام، وزراء، اور اس سال کے حج میں شریک ملٹی سیکٹرز اور سکاؤٹس کے کمانڈرز شامل تھے۔
ولی عہد نے اس موقع پر مملکت کی فوجی، سکیورٹی اور سرکاری شخصیات کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے علاقائی کشیدگی کے دوران حجاج کرام کی حفاظت اور سعودی عرب کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ولی عہد نے کہا کہ ’ہم فوجی اور سکیورٹی اداروں کے تمام اہلکاروں، مختلف سرکاری اداروں کے محنتی ملازمین اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے حجاج کرام کی خدمت اور اُن کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی خدمات انجام دیں۔‘
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین اور مقدس مقامات کی خدمت سعودی عرب کے لیے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے، جبکہ مملکت کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ ایک دیرینہ قومی عزم ہے۔

ولی عہد نے سعودی شہریوں، مقیم افراد اور حجاج کرام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد بھی دی اور پوری اسلامی دنیا میں مسلسل امن اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین محمد البسامی نے بعد ازاں حج آپریشنز میں شریک فوجی اداروں کی جانب سے خطاب کیا۔

بعد ازاں مہمانوں نے ولی عہد سے ملاقات کی اور منیٰ پیلس میں منعقدہ ضیافت میں شرکت کی۔