حج 2026: حجاج کی مکہ آمد، بازاروں کی رونقوں میں اضافہ
جمعہ 29 مئی 2026 13:24
ارسلان ہاشمی، اردو نیوز، مکہ مکرمہ
حجاج مکہ میں رشتہ داروں کے لیے تحائف خریدنے میں مصروف ہیں (فوٹو: اردو نیوز)
حج 2026 کے آخری دن حجاج کی اکثریت مکہ میں خریداری کرتے دکھائی دی۔ شہرِ کے گلی کوچے جو ایام حج کے دوران حجاج کی مشاعر روانگی کے وقت خالی ہو گئے تھے اب ایک بار پھر پُررونق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حجاج کی بڑی تعداد تیسرے دن کی رمی کرنے کے بعد مکہ پہنچی جہاں انہوں نے اپنے اپنے ملک روانہ ہونے سے قبل بازاروں کا رُخ کیا تاکہ تحفے تحائف خرید سکیں۔
وہ حجاج جن کی واپسی حج کے فوری بعد ہوگی وہ مکہ کے بازاروں سے خریداری میں مصروف دکھائی دیے، جبکہ وہ حجاج جو مدینہ سے واپس روانہ ہوں گے ان کا کہنا تھا کہ وہ شہرِ نبوی سے اپنے احباب کے لیے تحائف خریدیں گے۔
مکہ کے روایتی بازاروں میں جو اشیا سب سے زیادہ خریدی جا رہی ہیں ان میں جانماز، خواتین کے عبایہ اور عربی کُرتے (ثوب) شامل ہیں جو حجاج واپس جا کر اپنے رشتہ داروں کو بطور تحفہ دیں گے۔
پاکستان اور انڈیا سے آنے والے حجاج نے تحائف کی خریداری کو زیادہ ترجیح دی اور ان کی کم تعداد کو زیوارت کی خریداری کرتے دیکھا گیا۔
مکہ کی مختلف زیارتوں کے حوالے سے حجاج کی بڑی تعداد کو غارِ حرا اور جبل الثور کا رُخ کرتے ہوئے دیکھا گیا، اس کے علاوہ ایام حج کے دوران حجاج نے مسجد الخیف اور البیعہ مسجد میں بھی تصاویر بنائیں۔
مسجد البیعہ کو مسجد عقبہ بھی کہا جاتا ہے، جو وادی منیٰ میں جبل ثبیر کے دامن میں واقع تاریخی مسجد ہے۔ اس مقام پر انصارِ مدینہ نے پیغمبرِاسلام کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔
