Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2026: تشریق کے دوسرے دن کی رمی جاری، آج غروب آفتاب سے قبل منیٰ خالی ہو جائے گا

حجاج آج غروبِ آفتاب سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے (فوٹو: علی خمج)
تشریق کے دوسرے دن بھی رمی (کنکریاں مارنے) کا سلسلہ صبح سے شروع ہو گیا، حجاج وقفے وقفے سے اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جمرات آتے ہیں اور تینوں شیطانوں کو سات، سات کنکریاں مارنے کے بعد اپنے خیموں کی جانب لوٹ جاتے ہیں۔
غروبِ آفتاب سے قبل ہی حجاج وادی منیٰ سے رخصت ہونا شروع ہو جائیں گے جس کے ساتھ ہی چند دنوں کے لیے لاکھوں فرزندانِ اسلام سے آباد ہونے والی عارضی خیمہ بستی آئندہ برس تک کے لیے غیرآباد ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق غروب آفتاب سے قبل وادی منیٰ کی حدود سے نکل جانے والے حجاج کو ’متعجلین‘ یعنی جلدی واپسی کرنے والے کہا جاتا ہے۔
جلد واپسی کرنے والے حجاج مکہ مکرمہ میں اپنی رہائشی عمارتوں میں منتقل ہو جائیں گے جہاں طواف الوداع کرنے کے بعد مقررہ تاریخوں کو ان کی اپنے اپنے ملکوں کو روانگی شروع ہو جائے گی۔
وہ حجاج جو 12 ذوالحج یا تشریق کے دوسرے دن غروب آفتاب کے بعد بھی منیٰ کی حدود میں رہ جائیں گے ان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ تشریق کے تیسرے دن یعنی 13 ذوالحجہ کو بھی تینوں جمرہ کی رمی مکمل کریں اور اس کے بعد واپسی کے سفر کا آغاز کریں۔

حجاج کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے پھوار کا خصوصی انتظام کیا گیا (فوٹو: علی خمج)

حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے حجاج کے لیے شیڈول مقرر کیا جاتا ہے جس کا مقصد مناسکِ حج کی ادائیگی اور حجاج کی روانگی کے انتظامات کو بروقت مکمل کرنا ہے۔
تشریق کے دوسرے دن کی رمی کو منظم رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات دیکھنے میں آئے، جمرات کمپلیکس پر جگہ جگہ سکیورٹی اہلکاروں کے مختلف یونٹس متعین تھے جو جمرات پل پر حجاج کی آمدورفت کو منظم کرنے میں مصروف تھے۔ علاوہ ازیں سکاؤٹس اور ہلال الاحمر کے رضاکار جن میں خواتین بھی شامل تھیں حجاج کی خدمت میں خلوص دل سے پیش پیش رہیں۔

  اہلکار حجاج کو مسکراہٹ کے ساتھ حج اور عید کی مبارک باد پیش کرتے رہے (فوٹو: علی خمج)

سکیورٹی اہلکار اور رضاکار گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے حجاج پر پانی کی پھوار برساتے اور مسکراہٹ کے ساتھ انہیں حج و عید کی مبارک باد پیش کرتے رہے۔
وزارتِ صحت کی جانب سے حجاج کو مستقل بنیادوں پر ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ دن میں جب گرمی کی شدت ہوتی ہے دھوپ کی تمازت اور لو لگنے سے محفوظ رہنے کے لیے اپنے خیموں میں ہی مقیم رہیں۔ باہر نکلتے وقت چھتری اپنے ہمراہ ضرور رکھیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی قلت پیدا نہ ہو۔

شیئر: