حج سیزن کی کامیابی: شاہ سلمان اور ولی عہد کو خلیجی رہنماؤں کی مبارکباد
حجاج کی خدمت کے لیے سعودی حکومت کی عظیم کوششوں کو سراہا۔( فوٹو: ایس پی اے)
خلیجی اور عرب رہنماؤں نے رواں سال حج سیزن 2026 کی کامیابی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دی ہے۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، عمان کے سلطان ہیثم بن طارق، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر نے مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الصباح نے اپنے پیغام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو حج سیزن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے مسجد الحرام کی توسیع، ترقیاتی کاموں، نئی خدمات اور سمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا، جس نے حجاج کی خدمت اور مناسک حج کی آدائیگی آسان بنانے میں مدد دی۔
امیر کویت نے ایک الگ پیغام میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی حج سیزن کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے سعودی قیادت کی جانب سے مناسک حج کے کامیاب انعقاد اور عازمین کی خدمت کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد کا پیغام بھیجا۔
انہوں نے مسجد الحرام میں جاری توسیعی منصوبوں، خدمات، سمارٹ سروسز اور ٹیکنالوجیز کی ترقی کی بھی تعریف کی جو حجاج کی ضروریات کو پورا، انہیں فائدہ پہنچاتی اور مناسک کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرتی ہیں۔
امیرقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اس سال حج سیزن کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مملکت کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حمد آل ثانی، قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے بھی سعودی قیادت کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔
عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے اپنے پیغام میں شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو حج سیزن کی کامیابی کی مبارکباد دی۔
انہوں نے عازمین حج کی خدمت کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے کی جانے والی عظیم کوششوں کو سراہا۔
