Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا مسلم رہنماؤں، حج وفود کے سربراہان اور مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ

خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے ولی عہد و وزیرِاعظم، شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو منیٰ پیلس میں سالانہ سرکاری استقبالیے کی میزبانی کی۔
سعودی ولی عہد نے سربراہان مملکت، اسلامی شخصیات، خادم حرمین شریفین کے مہمانوں، سرکاری اداروں کے مہمانوں اور حج وفود کے سربراہان کا خیر مقدم کیا۔
استقبالہ تقریب میں البانیہ کے صدر بیرام بیگے، چاڈ کے صدر محمد ادریس دیبی، ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، مصر کے وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی، مالدیپ کے نائب صدر حسین محمد لطیف، موریطانیہ کے وزیراعظم مختار ولد اجای اور  گنی کے وزیراعظم نے شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے گورنر سندھ نہال ہاشمی، پاکستانی کے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی موجود تھے جنہوں نے اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل کی ہے۔
سعودی ولی عہد نے اپنے خطاب میں خادم حرمین شریفین کی جانب سے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ ’اللہ نے سعودی عرب کو دو مقدس مساجد اور مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور اس کے زائرین کی خدمت کا اعزاز عطا کیا ہے۔ بانی مملکت کنگ عبدالعزیز کے دورِ حکومت سے لے کر اب تک کی جانے والی ان کوششوں کو جاری رکھیں گے۔‘
استقبالیہ تقاریر میں مقررین نے حج انتظامات اور عازمین کے لیے خدمات کی بہتری کے حوالے سے سعودی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔
سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج 2026  کے لیے وسیع انتظامات کو اجاگر کیا جس میں 60 سے زائد سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی شامل تھی۔
یاد رہے گزشتہ روز ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر منیٰ پیلس میں مبارکباد دینے والوں کا استقبال کیا تھا۔
مبارکباد پیش کرنے والوں میں شہزادے، مملکتِ کے مفتی اعظم ، سینیئر علما اور شیوخ، خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے اعلیٰ حکام، وزراء، اور اس سال کے حج میں شریک ملٹری سیکٹرز اور سکاؤٹس کے کمانڈرز شامل تھے۔
ولی عہد نے اس موقع پر مملکت کی فوجی، سکیورٹی اور سرکاری شخصیات کی خدمات کو سراہا جنہوں نے علاقائی کشیدگی کے دوران حجاج کرام کی حفاظت اور سعودی عرب کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔

 

شیئر: