Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وطن روانگی سے قبل حجاج کے لیے 80 زبانوں میں قرآنِ کریم کا تحفہ

حجاج میں 1.9 ملین قرآن کریم کے نسخے تقسیم کیے جائیں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اسلامی امور نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے قرآن کریم اور اس کے ترجمے کے نسخے واپس جانے والے حجاج اور فیلڈ ورکرز میں تقسیم کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈیپارچر ہالز میں قرآن کریم کے نسخوں کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے۔
بیرون مملکت سے آنے والے حجاج کو طیاروں میں سوار ہونے سے پہلے نسخوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
کنگ فہد قرآن پرنٹنگ کمپلیکس مدینہ منورہ میں پرنٹ کیے جانے والے 1.9 ملین قرآن کریم کے نسخے تقسیم کیے جائیں گے۔
 80 سے زیادہ زبانوں میں قرآن کریم کے ترجمے والے نسخے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ حجاج اپنی مادری زبان میں قرآن کریم کا مطالعہ کر سکیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ ’آئندہ دنوں میں تمام ایئرپورٹس، سرحدی چوکیوں اور بندرگاہ پر قرآن کریم کے نسخوں کی تقسیم کا کام 24 گھنٹے جاری رہے گا۔‘
وزیر اسلامی امور شیخ عبد اللطیف آل شیخ نے کہا کہ ’یہ تحفہ قرآن کریم کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے قیادت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے تصدیق کی ہے کہ مملکت کی تمام بری، فضائی اور بحری سرحدی گزرگاہوں پر بعد از حج روانگی کے مرحلے سے نمٹنے کے لیے مکمل آپریشنل تیاری اور اعلٰی سطح کی استعداد برقرار رکھی گئی ہے۔

ادارے نے تمام بین الاقوامی حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مقررہ سفری اوقات کی سختی سے پابندی کریں۔
سعودی حکام کے مطابق حج 2026 میں حجاج کی کل تعداد 17 لاکھ 7 ہزار 310 (1.7 ملین) تک پہنچ گئی۔ یہ تعداد گزشہ برس سے 2.04 فیصد زیادہ ہے۔
 بیرون مملکت سے 15 لاکھ 46 ہزار 655 حجاج مختلف راستوں سے سعودی عرب آئے جبکہ داخلی حجاج جن میں شہری اور رہائشی شامل ہیں، کی تعداد ایک لاکھ 60 ہزار 646 رہی۔

 

شیئر: