Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میوزیم میں قرآن کریم کے جرمن ترجمے کے نادر نسخے کی نمائش

یہ نسخہ نیورمبرگ میں 1623عیسوی میں تیار کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
حرا کلچرل ڈسٹرکٹ مکہ مکرمہ میں واقع میوزیم میں قرآن کریم کے جرمن زبان میں پہلے ترجمے کا ایک نادر نسخہ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
یہ نسخہ جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں سال ہجری 1032 بمطابق 1623عیسوی میں تیار کیا گیا تھا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جرمن زبان میں ترجمے کا یہ نسخہ قرآن کریم کو دیگر زبانوں میں ترجمہ کرنے کی کوششوں کا سب سے نمایاں تاریخی حوالہ ہے۔
اس ترجمے نے یورپ میں غیر عربی دان طبقے کے درمیان قرآن کے بہتر فہم میں مدد کی۔ یہ قرآنی علوم میں یورپ کی ابتدائی دلچسپی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
جرمن زبان میں ترجمہ کا نسخہ قرآن کریم کی تحریر، طباعت اور تراجم کی تاریخ کو اجاگر کرنے کے علاوہ قرآن پاک کے ترجمے اور معانی و مفہوم کو عالمی سطح پر پھیلانے میں علما اور مترجمین کی کوششوں کو اجاگر کرتا ہے۔

 یہ نسخہ کنگ فہد نیشنل لائبریری کے آرکائیوز میں شامل ہے جو قومی اورعلمی ورثے کے تحفظ کے لیے وقف ہے۔ لائبریری نے اسے ریسرچر اور دلچسپی رکھنے والوں کے لیے فراہم کیا ہے۔
یہ نمائش میوزیم کے اس مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد زائرین کو ایک بھر پور تجربہ فراہم کرنا اور قرآن سے متعلق تاریخی نوادرات کو پیش کرنا ہے۔

 

شیئر: