حج سیزن کی کامیابی: سعودی قیادت کا وزیر داخلہ کو مبارکباد کا جوابی پیغام
خطے کی صورتحال کے باوجود رواں برس حج سیزن کامیابی سے ہمکنار ہوا ( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف کو عیدالاضحی اور کامیاب حج سیزن کی مبارک باد کا جوابی پیغام ارسال کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ایوان شاہی سے وزیر داخلہ کو ارسال کیے گئے جوابی پیغام میں کہا گیا کہ ’ہمیں آپ کی جانب سے عیدالاضحی کی مبارک باد موصول ہوئی جس میں آپ نے اپنی اور سپریم حج کمیٹی کے ارکان، سکیورٹی ادارے اور حج سیزن میں شریک تمام حکومتی و نجی شرکا کی جانب سے کامیاب حج سیزن کا ذکر کیا ہے۔
اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ خطے کو درپیش حالات کے باوجود رواں برس حج سیزن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ یہ کامیابی رب کریم کے فضل و کرم کے بعد ان مخلصانہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جو تمام متعلقہ اداروں اور افراد کی جانب سے کی گئی ہے۔
یہ کامیابی ان جامع سکیورٹی، انتظامی اور خدمت کے منصوبوں کی بدولت ممکن ہوئی، جن کی تیاری اور ان کے نفاذ میں موثر انداز میں کام کیا گیا۔ ان اقدامات کے باعث رب کریم کے فضل سے 17 لاکھ 7 ہزار 301 حجاج نے مکمل اطمینان اور سکون سے مناسک حج ادا کیے۔
جوابی پیغام میں کہا گیا حجاج کی خدمت کے لیے تمام شریک اداروں اور شعبوں کی جانب سے کی جانے والی عظیم کوششوں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ اس بات پر خوشی ہوئی کہ حجاج کی خدمت کے لیے بے مثال لگن اور اخلاص سے کام کیا گیا۔ ہم نے حجاج کے درمیان اطمینان، تحفظ اور سکون کی فضا کو واضح طور پر محسوس کیا۔
پیغام کے اختتام پر کہا گیا’ اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ وہ حجاج کے حج کو قبول فرمائے اور انہیں سلامتی و کامیابی سے لوٹائے اور ہمیں اسلام اور مسلمانوں کی بھلائی کے لیے ہر کام کی توفیق عطا فرمائے۔
علاوہ ازیں ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے بھی وزیر داخلہ کو مبارک باد کا جوابی پیغام ارسال کیا گیا، جس میں کامیاب حج سیزن کی مبارک باد دی گئی۔
جوابی پیغام میں کہا گیا اللہ تعالی سے دعاگو ہیں کہ وہ حجاج کے حج کو شرفِ قبولیت بخشے، ہم سب کو ان کی خدمت کی مزید توفیق دے اور خادم حرمین شریفین و وطن عزیز کی حفاظت کرے۔
