Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانسیسی شہری تاریخی فوارے سے گاڑی ٹکرانے پر بھی مزے سے برگر کھاتا رہا

ملزم نے دعویٰ کیا کہ وہ واقعے کے وقت کھانے کی ڈیلیوری کر رہا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ایک فرانسیسی شہری کو بدھ کے روز پولیس نے اس وقت حراست میں لیا جب وہ مبینہ طور پر سڈنی میں ایک گاڑی کو فوارے سے ٹکرانے کے بعد بھی اپنا میکڈونلڈز مِیل کھاتا ہوا پایا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق  پولیس انسپکٹر اینڈرسن لیسنگ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’عجیب بات یہ ہے کہ وہ وہاں اب بھی اپنا میکا کا مِیل کھا رہا تھا۔‘ یہ تبصرہ شاید کچھ کھانے کے شوقین فرانسیسیوں کے نزدیک اس واقعے کی سنگینی سے بھی زیادہ اہم سمجھا جا سکتا ہے۔
21 برس کے نوجوان پر گاڑی چلاتے ہوئے غفلت برتنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے بدھ کی علی الصبح سڈنی کے ڈائون ٹائون کے ہائیڈ پارک میں ایک ایس یو وی گاڑی ریورس کرتے ہوئے آرچ بالڈ فوارے سے ٹکرا دی۔
پولیس اہلکار اینڈرسن لیسنگ نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ ’گاڑی کا نصف حصہ فوارے کے اندر تھا اور نصف باہر، جبکہ ڈرائیور حادثے کے بعد بھی گاڑی کے اندر موجود تھا۔‘
پولیس کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کے پچھلے پہیے فوارے کے پول میں پھنسے ہوئے تھے جبکہ باقی گاڑی پتھر کی دیوار پر اٹکی ہوئی تھی۔
پولیس نے اس شخص کے میکڈونلڈز کے آرڈر کی تفصیل نہیں بتائی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا کہ وہ واقعے کے وقت کھانے کی ڈیلیوری کر رہا تھا۔ حادثے سے تقریباً 10 ہزار 700 امریکی ڈالر (15 ہزار آسٹریلوی ڈالر) کا نقصان ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں نوجوان کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔

شیئر: