Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر 24 گھنٹوں میں شارک کے تین حملے، دو افراد زخمی

حکام نے بتایا ہے کہ سڈنی کے شمالی ساحل اگلے نوٹس تک بند رہیں گے۔ فوٹو: اے پی
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر شارک مچھلیوں نے حملے کر کے دو افراد کو زخمی کر دیا جبکہ ایک سرفر کے بورڈ کو کاٹ لیا۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تین الگ الگ حملے ریکارڈ کیے گئے جن کے دوران ایک شخص اور ایک نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق شام 6 بج کر 20 منٹ پر شمالی مضافاتی علاقے مینلی میں بحر الکاہل کے ساحل پر نارتھ سٹین بیچ کے قریب ایک 20 سالہ سرفر کو شارک نے ٹانگ پر کاٹ لیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکے کو قریب موجود افراد نے پانی سے باہر نکالا اور ایمبولینس اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لے گئی۔
اتوار کے روز ایک 12 سالہ لڑکے کو 20 فٹ اونچے کنارے سے سمندر میں چھلانگ لگانے کے بعد شارک کے حملے میں شدید چوٹیں آئیں۔ پولیس کے مطابق زخمی لڑکے کو اُس کے دوستوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانی سے باہر کھینچ نکالا تھا۔
مقامی پولیس کے میرین کمانڈر نے حملے کے دوران زخمی کی جان بچانے کا سہرا لڑکے کے تین دوستوں کو دیا اور کہا کہ ’یہ بہادری سے کم کچھ نہ تھا۔‘
آسٹریلوی نیوز میڈیا نے بتایا ہے کہ اس حملے میں لڑکا دونوں ٹانگوں سے محروم ہو گیا۔
اسی طرح پولیس نے بتایا ہے کہ پیر کی دوپہر ایک 11 سالہ لڑکا سرف بورڈ پر تھا کہ ڈی وائی بیچ مینلی کے شمال میں ساحل پر شارک نے حملہ کیا۔ شارک نے بورڈ کا ایک ٹکڑا کاٹ لیا لیکن نوجوان سرفر زخمی ہونے سے بچ گیا۔
مقامی حکام نے بتایا ہے کہ سڈنی کے شمالی ساحل بشمول نارتھ سٹین اور ڈی وائی اگلے نوٹس تک بند رہیں گے۔
ان تینوں ساحلوں کے قریب جہاں یہ حملے ہوئے ہیں وہاں شارک سے تحفظ کے لیے جال لگائے گئے ہیں۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ حملے لگائے گئے جال سے کتنے دور ہوئے۔
حکام کو شک ہے کہ پہلے دو حملے بُل شارک نے کیے ہیں۔

نومبر میں ایک 25 سالہ سوئس سیاح بھی شارک کے حملے میں ہلاک ہو گیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

پولیس نے پہلے حملے کے بعد خبردار کیا تھا کہ سڈنی میں حالیہ شدید بارش نے بندرگاہ کے اندر تازہ اور گدلے پانی کی مقدار میں اضافہ کر دیا ہے جس سے بُل شارک کے حملوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ڈی وائی بیچ، اوشین ریف بیچ کے قریب ہے جہاں گزشتہ ستمبر میں ایک 57 سالہ سرفر کو ایک سفید شارک نے ہلاک کر دیا تھا۔
نومبر میں ایک 25 سالہ سوئس سیاح بھی شارک کے حملے میں ہلاک ہو گیا تھا اور اس کا ساتھی اسے بچانے کی کوشش میں شدید زخمی ہوا تھا۔
وہ دونوں سڈنی کے شمال میں واقع نیشنل پارک کے علاقے میں تیراکی کر رہے تھے۔

 

شیئر: