Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی کے رہائشی علاقے میں آتشزدگی سے کم از کم 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی

حکام کے مطابق 37 افراد کو متاثرہ عمارت سے ریسکیو کیا گیا: فوٹو اے پی
انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے رہائشی علاقے میں واقع ایک عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بدھ کو آتشزدگی کا واقعہ شہرکے جنوبی علاقے مالویہ نگر میں پیش آیا۔ 
جس عمارت میں آگ لگی اس کے گراؤنڈ فلور پر ایک ریستوران تھا جبکہ اوپر رہائشی یونٹس تھے۔ 
مقامی میڈیا کے مطابق آتشزدگی سے متاثر ہونے والوں میں چند غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں جو علاج کے لیے انڈیا آئے تھے تاہم اس کے بارے میں مزید اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔
فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار کے مطابق متاثرہ عمارت سے امدادی ٹیموں نے 37 افراد کو ریسکیو کیا ہے جبکہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ 
حکام کے مطابق ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کا اندازہ نہیں ہو سکا۔
مقامی میڈیا کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائر فائٹرز شدید دھوئیں میں آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ مقامی رہائشیوں نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے عمارت میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے اور زخمیوں کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے میں مدد کر رہے تھے۔
خیال رہے کہ انڈیا میں رہائشی عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر واقعات حفاظتی معیار اور قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے پیش آئے ۔
 

شیئر: