ای گیٹس سے امیگریشن کا عمل سیکنڈز میں مکمل ہو جاتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
مملکت میں ہوائی اڈوں پر ’ای گیٹس‘ سے وطن لوٹنے والے حجاج کو امگریشن میں کافی سہولت ہو رہی ہے۔ قطار میں لگے بغیر حجاج سیکنڈز میں امیگریشن کے مرحلے سے گزر جاتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ’جوازات‘ کی جانب سے مملکت کے مختلف بری ، فضائی اور بحری پوسٹوں سے واپس جانے والے حجاج کرام کو امیگریشن کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ جن کا مقصد حجاج کی واپسی کے مراحل کو منظم کرنا تاکہ انہیں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مملکت کے ہوائی اڈوں پر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ’ای گیٹس‘ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جن کے ذریعے حجاج کرام کو خود کار سروس کے تحت کافی سہولت ہوتی ہے۔
جدید ترین ’ای گیٹس‘ سے محض چند سیکنڈ میں مسافر کا ڈیٹا سکین کرکے ان کا ایگزٹ سسٹم میں ریکارڈ ہو جاتا ہے جس سے حجاج کو امیگریشن کے مراحل سے گزرنے میں بے پناہ سہولت ہوتی ہے اور امیگریشن کاونٹرز پر انہیں انتظار بھی نہیں کرنا پڑتا۔
خیال رہے جدہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلجنسی ’سدایا‘ کے تعاون سے 70 سے زائد ای گیٹس نصب کیے ہیں۔
جدہ ایئرپورٹ پر 70 سے زائد ای گیٹس نصب کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
ای گیٹس کے ذریعے بغیر کسی انسانی مداخلت کے مسافر امیگریشن کے مراحل از خود باسانی مکمل کر لیتے ہیں انہیں کسی قسم کی دقت اور تاخیر کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑتا۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پر نصب ای گیٹس سے یومیہ بنیاد پر ایک لاکھ 75 ہزار مسافر مستفیض ہو سکتے ہیں جس سے مسافروں کو کافی سہولت ہوتی ہے۔
ای گیٹ میں نصب انتہائی حساس ترین سینسرز مسافروں کے چہرے کو سکین کرتے ہیں جبکہ دوسرے سکینرکے ذریعے پاسپورٹ کو سکین کیا جاتا ہے جس سے مسافر کی تفصیلات مرکزی کمپیوٹر میں منتقل ہو جاتی ہیں۔