Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ ایئرپورٹ پرعازمین کی سہولت کےلیے 20 ’ای گیٹس‘

امیگریشن کاونٹرز پر30 سے زائد پاسپورٹ ریڈر ڈیوائسز فراہم کی گئی ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ’سدایا‘ نے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین کی سہولت کےلیے 20 ’ای گیٹس‘ نصب کیے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سدایا اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر امیگریشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے عازمین حج کو بہتر اور تیز ترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔
سدایا نے عازمین کے امیگریشن کی کارروائی کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیزبین الاقوامی ہوائی اڈے پر ای گیٹس کے علاوہ 30 سے زائد ’پاسپورٹ ریڈر‘ ڈیوائسز کا بھی اہتمام کیا ہے تاکہ امیگریشن کی کارروائی میں عازمین کو کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایئرپورٹ پر سدایا سینٹر کی ٹیموں کو بھی مستقل بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکل یا سسٹم ڈاون ہونے کی صورت میں فوری طور پراسے درست کیا جاسکے۔

مختلف ہوائی اڈوں اور سرحدی چوکیوں پر ’سدایا‘ کی ٹیمیں موجود ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد کے ٹرمنل پر اضافی عملے کو بھی متعین کیا گیا ہے جبکہ فنگر پرنٹ اسکینگ کے لیے جدید ترین سسٹم پر مشتمل 4 حساس یونٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
واضح رہے مملکت کے مختلف ہوائی اڈوں ، بری و سمندری چوکیوں پر سدایا کی ٹیمیں موجود رہتی ہیں تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر: