رمضان میں عمرہ زائرین کے لیے جدہ اور مدینہ ایئر پورٹس پر ’ای گیٹس‘ کا آغاز
خود کار امیگریشن سروس سے عمرہ زائرین کو کافی سہولت ہوگی (فوٹو: ایس پی اے)
ڈائریکٹریٹ آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے جدہ اور مدینہ منورہ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس پرعمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ’ای گیٹس‘ سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی محکمہ جوازات نے جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے امیگریشن سیلف سروس متعارف کرائی ہے۔
سیلف سروس کے لیے انتہائی جدید ترین ڈیجیٹل سسٹم فراہم کیا گیا ہے جس کے ذریعے رمضان المبارک میں عمرہ سیزن کے دوران دنیا بھر سے آنے والے اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس جانے والے زائرین بآسانی اور بلا تاخیر امیگریشن کا مرحلہ مکمل کر سکیں گے۔
خود کارگیٹس کے ذریعے زائر کا مکمل ڈیٹا کی تصدیق لمحوں میں ہو جاتی ہے جس سے انٹری اور ایگزٹ کی کارروائی خود کار طریقے سے مکمل ہو جاتی ہے اور زائرین کو امیگریشن کے لیے قطار میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔