یوروسیٹری 2026: عالمی دفاعی نمائش میں مملکت کی بھرپور شرکت
یوروسیٹری 2026: عالمی دفاعی نمائش میں مملکت کی بھرپور شرکت
جمعہ 19 جون 2026 20:41
مہارتوں کے تبادلے اور عسکری صنعتی نظام کی تشکیل پر بھی تبادلہ خیال کیا (فوٹو، ایس پی اے)
پیرس میں منعقد ہونے والی ڈیفنس اینڈ سکیورٹی ایگزیبیشن ’یوروسیٹری 2026‘ میں سعودی عرب کی جانب سے بھرپور شرکت کی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق 15 سے 19 جون تک ہونے والی اس عالمی نمائش میں سعودی پویلین کے جملہ انتظامات جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز ’جی اے ایم آئی‘ نے سرکاری اور نجی اداروں کے اشتراک سے کیے۔
نمائش میں موجود سعودی پویلین میں مملکت کے دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، جدید صنعتی صلاحیتوں سرمایہ کاری کے ضوابط کو اجاگر کیا گیا، جس نے عالمی دفاعی کمپنیوں کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
دفاعی نمائش میں جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز کے گورنر احمد العوھلی نے فرانسیسی ڈائریکٹریٹ جنرل آف آرمامنٹ ’ڈی جی اے‘ کے ڈیلیگیٹ جنرل برائے اسلحہ پیٹرک پائیلوکس اور عالمی دفاعی کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں دفاعی صنعت میں تعاون کے فروغ، باہمی مہارتوں کے تبادلے اور پائیدارعسکری صنعتی نظام کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نمائش میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ جنرل اتھارٹی برائے ڈیفنس ڈیولپمنٹ ’جی اے ڈی ڈی‘ اور فرانسیسی ادارے کے درمیان دفاعی ٹیکنالوجیز اور جدید نظاموں کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کیا گیا۔
ورلڈ ڈیفنس شو نے گلوبل افیئرز کینیڈا کے ساتھ 2028 میں نمائش کے حوالے سے پہلے کینڈین قومی پویلین کے قیام کا معاہدہ کیا، جبکہ ڈیولپڈ ایسٹ مینوفیکچرنگ ہولڈنگ کمپنی ’ڈی ای ایم سی او‘ کو ورلڈ ڈیفنس شو کے چوتھے ایڈیشن کا پریمیم پارٹنرمقرر کیا گیا۔
تکنیکی معلومات کی منتقلی سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے (فوٹو، ایس پی اے)
جی ڈی سی مڈل ایسٹ اور ڈی سی آئی گروپ کے درمیان خصوصی مہارتوں اور تکنیکی معلومات کی منتقلی، نیز اصلاح و مرمت، اوورہالنگ سروسز کے فروغ کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
’امعان‘ انڈسٹریل کمپنی نے ’کے ٹی شیلٹر‘ کے ساتھ فضائی اور زمینی دفاعی نظاموں کے لیے عارضی حفاظتی پناہ گاہوں کی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ان کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے بھی معاہدہ کیا۔
نمائش میں ’جی اے ایم آئی‘ نے ’دفاعی صنعت میں سپلائی چینز کی ترقی‘ کے عنوان سے ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں وزارت صعنت و معدنی وسائل، سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز’ایس اے ایم آئی‘ اور نیشنل کمپنی فارمکینیکل سسٹمز’این سی ایم ایس‘ نے شرکت کی۔
نمائش میں سعودی پویلین میں سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے مابین تعاون، قومی صنعتی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجیز اورسرمایہ کاروں کے لیے دستیاب سہولتوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔
سعودی ملٹری انڈسٹریز اور نیشنل کمپنی فارمکینیکل سسٹمز نے شرکت کی (فوٹو، ایس پی اے)
جنرل اتھارٹی ملٹری انڈسٹری ’جی اے ایم آئی‘ کے مطابق دفاعی صنعت کے شعبے کی قومی معیشت میں شراکت 2021 میں 2.2 ارب ریال سے بڑھ کر 2024 میں 6.6 ارب ریال تک پہنچ گئی، جبکہ دفاعی اخراجات میں مقامی سطح پر تیاری کا تناسب 2024 میں تقریبا 25 فیصد ہو گیا، سال 2030 تک اس کا ہدف 50 فیصد سے زیادہ مقرر کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’یوروسیٹری 2026 ‘ میں سعودی شرکت نے مملکت کو ایک قابل اعتماد عالمی شراکت دار کے طور پر مزید مستحکم کیا، عالمی دفاعی کمپنیوں کے ساتھ تعلقات کے دائرے کو وسعت دی گئی اور قومی کمپنیوں کے لیے بین الاقوامی منڈیوں میں توسیع کے نئے مواقع میسر آئے۔