یوروسیٹری 2026: پیرس دفاعی نمائش میں سعودی پویلین کا افتتاح
سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے دس ادارے شریک ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز کے زیر اہتمام پیرس میں یوروسیٹری 2026 (گلوبل ایونٹ فار ڈیفنس اینڈ سکیورٹی) میں سعودی پویلین کا افتتاح کیا گیا ہے۔
15 سے 19 جون تک جاری رہنے والی اس نمائش میں سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے دس ادارے شریک ہیں۔
سعودی پویلین مملکت کی ملٹری انڈسٹری کے شعبے میں کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یوروسیٹری 2026 میں شرکت، ورلڈ ڈیفنس شو کے چوتھے ایڈیشن کی تیاریوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو جنوری 2028 میں ریاض میں منعقد ہوگا۔
یوروسیٹری 2026 کے دوران ورلڈ ڈیفنس شو نے کئی اہم سٹریٹجک شراکت داریوں کا اعلان بھی کیا۔ ایک معاہدہ کینیڈا کی وزارتِ عالمی امور کے ساتھ طے پایا، جس کے تحت ورلڈ ڈیفنس شو میں پہلی مرتبہ کینیڈا کا پویلین قائم کیا جائے گا۔
واضح رہے ورلڈ ڈیفنس شو کے چوتھے ایڈیشن کی تیاریاں 2026 اور 2027 کے دوران جاری رہیں گی، جبکہ نمائش کے پروگرام اور دیگر سرگرمیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی 2027 کے آغاز سے متوقع ہے۔
