Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا: زندہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے یونیسکو کا اہم کردار

اِس پروگرام میں العلا کی مقامی کمیونٹی کو بااختیار بنایا جا رہا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
العلا کا رائل کمیشن، یونیسکو کے ساتھ مل کر راوی پروگرام کے انیشیٹیو میں تعاون کر رہا ہے جو بین الاثقافتی مکالمے کو آگے بڑھانے اور زندہ ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے وقف ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اِس پروگرام میں العلا کی مقامی کمیونٹی کو بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی کہانیاں، علم اور ثقافتی وراثت کو مقامی اور بین الاقوامی سامعین کے ساتھ شیئر کرے۔
یہ انیشیٹیو ایسے وقت سامنے آیا ہے جب یونیسکو فرانس کے شہر پیرس میں اپنے ہیڈکواٹرز میں فوٹوگرافی کی ایک نمائش کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس نمائش کا موضوع ’راوی: کہانیاں شیئر کریں اور ثقافتوں کو دریافت کریں‘ رکھا گیا ہے۔
نمائش میں جو 31 اگست تک جاری رہے گی، العلا کے راویوں کی کہانیوں اور تجربات پر روشنی ڈالی جائے گی اور یہ مختلف ثقافتوں، کمیونٹیوں اور نسلوں کے درمیان پُل کے طور پر کام کرے گی۔
راوی پروگرام، العلا کے رائل کمیشن اور یونیسکو کے مابین ایک سٹریٹیجک شراکت داری کا حصہ ہے جو سماجی اور انسانی علوم کے پروگرام کے تحت جاری ہے۔

اس انیشیٹیو سے ثقافتی تبادلے کا فروغ، مقامی صلاحیتوں کا طاقتور ہونا اور ورثے کی تشریح اور تحفظ میں کمیونٹیوں کا کردار منعکس ہوتا ہے جو بین الثقافتی مکالمے اور تفہیم کو آگے بڑھاتا ہے۔
العلا کے راوی، اپنی اپنی کہانیوں کے تجربات بیان کر کے جن سے سننے والوں کو العلا کی تاریخ، ثقافت اور قدرتی مقامات کا علم ہوتا ہے، ریجن کے ورثے کو شیئر کرنے اور اسے محفوظ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ پروگرام ’جیتے جاگتے میوزیم‘ کے تصور کے گرد گھومتا ہے جس میں افراد، مقامات اور ورثے کے درمیان تعلق کو تقویت ملتی ہے اور کمیونٹیوں کو اِس قابل بناتا ہے کہ وہ اپنے بیانیے کو لوگوں تک پہنچا سکیں۔

اپنے آغاز سے اب تک یہ پروگرام، ثقافتی تبادلے کا ایک پلیٹ فام بن چکا ہے جس نے العلا اور انٹرنیشنل ہیریٹج اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دیا ہے اور ثقافت اور تعلیم کے ایک اہم مرکز کے طور پر العلا کی عالمی حیثیت کو مضبوط کیا ہے۔
اس پروگرام سے کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور ورثے کے تحفظ میں عالمی شراکت داری کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے اور یہ پروگرام ’سعودی وژن 2030‘ سے ہم آہنگ ہو کر ثقافتی اور علمی تبادلے کے لیے ایک نمایاں عالمی منزل کے طور پر العلا کی حیثیت کو طاقتور بناتا ہے۔

 

شیئر: