شرعان نیچرل ریزرو: صحرا میں ماحولیاتی بحالی کا جدید ماڈل
متنوع علاقے میں قدرتی عناصر ہم آہنگی کے ساتھ یکجا ہو جاتے ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
العلاگورنریٹ میں شرعان کا قدرتی ریزرو، صحراؤں میں ماحولیاتی نظام کے بندوبست کے ایک جدید ماڈل کی نمائندگی کرتا ہے جہاں اِس ریزرو کے متنوع علاقے میں قدرتی عناصر ہم آہنگی کے ساتھ یکجا ہو جاتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس ریزرو کا ایک قابلِ توجہ پہلو، دور دور تک بکھری ہوئی ہوئی پتھر کی وہ ساختیں ہیں جو وادیوں میں سے ہو کر گزرتی ہیں۔
ان کے ساتھ ساتھ کُھلے ریتیلے میدان اور گھاس کی نوع کا سبزہ نظر آتا ہے جس سے کئی ماحولیاتی زون وجود میں آتے ہیں جو یہاں نباتات کے بڑھنے اور پھلنے پھولنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور جانوروں کے قدرتی ٹھکانوں کی بحالی کا باعث بنتے ہیں۔
ریزرو کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات میں اِس کے چاروں طرف باڑ لگائی گئی ہے جبکہ جانوروں کے سبزہ چرنے کے لیے مخصوص ضابطے مقرر کیے گئے ہیں۔
ریزرو کے تحفظ کی خاطر اِن اقدامات کی وجہ سے یہاں پر سبزہ، دبیز اور متنوع شکل اختیار کر گیا ہے اور جنگلی حیات کی موجودگی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

ریزرو میں بہتری کے یہ تمام پہلو اُن موّثر کوششوں کو اجاگر کرتے ہیں جو ماحولیاتی توازن کی بحالی اور اِسے برقرار رکھنے کے لیے کی گئی ہیں۔
شرعان کا قدرتی ریزرو جو 1543 سکوائر کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے، العلا میں محفوظ ترین ریزروز کا درجہ حاصل کرنے والوں میں سے ایک ہے اور اس کا نام (آئی یو سی این) کی گرین لسٹ میں شامل ہے جس میں اِس کی مضبوط ماحولیاتی مینجمنٹ، عالمی تحفظ کی کوششوں اور بحالی کے معیار کو باقاعدہ تسلیم کیا گیا ہے۔
اس ریزرو میں کئی انواع کے نباتات موجود ہیں جن میں اکیسیا کے شجر، مقامی صحرائی پودے اور خشک سالی کے مطابق خود کو ڈھال لینے والی گھاس پائی جاتی ہے جو عام گیاہ سے سخت اور نسبتاً ہوتی ہے۔

جنگلی حیات میں یہاں ممالیہ جانوروں کی کم از کم 47 انواع پائی جاتی ہیں جن میں عربی بھیڑیا، صحرائی غزال، از سرِ نو متعارف کرایا جانے والے عربی ہرن اور نوبیائی پہاڑی بکرا شامل ہے۔
اس کے علاوہ رینگنے والے جانداروں کی تقریباً 54 اقسام بھی اس ریزرو میں موجود ہیں۔ یہ جگہ العلا کے وسیع ماحولیاتی نظام میں مقامی اور نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی پناہ گاہ کا کام بھی دیتی ہے جن کی 165 اقسام کا اندارج کیا جا چکا ہے۔

پودوں کی ایک مقامی نرسری اور بیج بینک کے ذریعے، شرعان نباتات کی بحالی کے کام میں بھی تعاون فراہم کرتا ہے جس سے دس لاکھ کے قریب ننھے پودے زندگی پاتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہاں وسیع طور پر شجر کاری کے انیشیٹیوز شروع کیے گئے ہیں جن میں مقامی کمیونٹیاں کی شمولیت سے ماحولیاتی پائیداری کےلیے اس کے کردار کو تقویت دیتے ہیں۔
