شاہ سلمان اور ولی عہد کو برطانوی کنگ چارلس اور شہزادہ ولیم کے مکتوب موصول
برطانوی سفیر نے سعودی وزیر سے ملاقات میں مکتوب حوالے کیے،( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی قیادت کو برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور شہزادہ ولیم کی جانب سے دونوں ملکوں کے تعلقات سے متعلق مکتوب موصول ہوئے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی سے ریاض میں برطانوی سفیر سٹیفن ہیچن نے ملاقات کی اور مکتوب حوالے کیے۔
ملاقات میں سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کا جائزہ اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات کی گئی۔

سعودی نائب وزیر خارجہ اور برطانوی سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے برطانوی شہزادے ولیم نے اس سال فروری میں سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ کیا تھا۔
اپنے دورے میں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، ریاض میں واقع تاریخی مقام طریف کا دورہ کیا۔ دوسرے مرحلے میں شہزادہ ولیم العلا پہنچے تھے۔
