مکہ میوزیم میں ’قازان‘ میں شائع ہونے والے قرآن کریم کے نادر نسخے کی نمائش
یہ نسخہ سالِ ہجری 1324 بمطابق 1906 میں شائع کیا کیا تھا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں قرآن کریم میوزیم میں موجود نادر قرآنی نسخوں اور دیگر مخطوطات کے ساتھ ایک قدیم ترین نسخہ بھی نمائش کے لیے رکھا گیا ہے، جو زائرین کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ نایاب و قدیم ترین نسخہ ’قازان‘ شہر میں سالِ ہجری 1324 بمطابق 1906 میں شائع کیا کیا تھا۔
قرآن کریم کا یہ نادر نسخہ اہل اسلام کی کتاب اللہ کی خدمت کے حوالے سے واضح و نمایاں مثال ہے۔ قرآنی نسخے کے حاشیوں میں آیات کی تشریح بھی کی گئی ہے جو اس عہد کے علما کی علمی خدمت کی واضح عکاس ہے۔
قرآن کریم کا یہ نایاب نسخہ شاہ فیصل ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈی میں محفوظ ہے، جسے میوزیم میں رکھنے کا مقصد قرآنی ورثےاور اسلامی تہذیب سے زائرین کو روشناس کرانا ہے۔
خیال رہے مکہ مکرمہ کا حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں موجود قرآن کریم میوزیم عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا میوزیم ہے، جہاں نادر قرآنی نسخے، تاریخی مخطوطات اور نوادارات رکھے ہیں۔
میوزیم میں ایسے نادر نسخے موجود ہیں جو قرآن کریم کی کتابت اور طباعت کے اہم تاریخی مراحل کو نمایاں کرتے ہیں، انہیں جدید انٹرایکٹیو ایگزیبیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے موثر بنایا گیا ہے۔
