Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میوزیم میں گیارہویں صدی ہجری کے قرآن کریم کے نادر نسخے کی نمائش

یہ نادر نسخہ خطاطوں کی غیرمعمولی مہارت کا عکاس ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن میوزیم میں 11ویں صدی ہجری کا قرآن کریم کا ایک نادر نسخہ زائرین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس نادر نسخے کے صفحات پر سنہری نباتاتی نقش و نگار اور نفیس آرائشی ڈیزائن ہیں جبکہ عناوین کی آرائش میں استعمال ہونے والے رنگ اس دور میں مروجہ فن کی عکاسی کرتے ہیں۔
قرآن کریم کا پہلا صفحہ خصوصی طور پر انتہائی نفیس انداز میں مرتب کیا گیا ہے۔ سورہ الفاتحہ کو متقابل انداز میں اس طرح تحریر کیا گیا کہ متوازن خطاطی، باریک تزئینی عناصر ایک منفرد جمالیاتی منظر پیش کرتے ہیں۔
سنہری حاشیوں کی آرائش کے لیے رنگوں کے متوازن امتزاج نے فنی قدر کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔
یہ نادر نسخہ خطاطوں کی غیرمعمولی مہارت کا عکاس ہے جنہوں نے خوبصورت خطاطی اور نفیس آرائش کو یکجا کرتے ہوئے ایک ایسا شاہکار تخلیق کیا جو قرآن کریم سے مسلمانوں کی گہری عقیدت اور اسلامی فنون کے ارتقا کی عکاسی کرتا ہے۔

قرآن کریم میوزیم میں آنے والے زائرین کو ان تاریخی نوادرات کے مشاہدے اور صدیوں کے دوران قرآن کریم کی کتابت اور تزئین کے فن کے ارتقا سے آگاہی کا موقع فراہم کرتا ہے، جس سے زائرین کے ثقافتی اور علمی تجربے میں اضافہ ہوتا ہے۔
چار صدیوں سے زیادہ قدیم یہ نسخہ، اسلامی فنون کے تنوع، نفاست اور تخلیقی عظمت کا واضح ثبوت ہے اور میوزیم کے نمایاں ترین نوادرات میں شمار کیا جاتا ہے جو اسلامی تہذیب کی درخشاں روایات اور فنی خدمات کو اجاگر کرتا ہے۔

 

شیئر: