مکہ میوزیم میں قرآن کریم کے قدیم ترین نایاب نسخے کی نمائش
قرآن میوزیم، مکہ مکرمہ کے نمایاں ثقافتی مقامات میں سے ایک ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ میں واقع حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں نادر و نایاب قرآنی نسخوں کا ایک مجموعہ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ صدیوں سے مسلمانوں کی کتاب اللہ سے وابستگی اور دیکھ بھال کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان میں ایک قدیم ترین نسخہ جس کی تاریخ سال ہجری 1259 بمطابق 1843 عیسوی شامل ہے، یہ قدیم ترین نسخہ فنِ کتابت کی اعلٰی ترین مثال ہے۔
ایس پی اے کے مطابق قرآن کریم کا یہ قدیم ترین نسخہ نہایت باریک اور نفیس خطاطی کی وجہ سے منفرد ہے۔
اسے سیاہ روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے جبکہ اس کے صفحات کے گرد حاشیہ اور اعراب سنہری فریم سے مزین ہیں، صفحات کی سجاوٹ بھی منفرد ہے۔
قرآن کریم کی تحریر میں آیات، رکوع اور اعراب کا خاص اہتمام کیا گیا ہے جبکہ سپارے کے آغاز اور اختتام کو بھی واضح انداز میں نمایاں کیا گیا تاکہ قاری کو تلاوت میں آسانی ہو۔

قرآنی نسخے کی دوبارہ جلد بندی کی گئی ہے تاکہ اسے وقت کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اس اقدام نے اس نادر قرآنی نسخے کو ایک ایسے ثقافتی اور تہذیبی ورثے کے طور پر محفوظ رکھا ہے جو ڈیڑھ صدی سے زیادہ عرصہ قبل تحریر کیا گیا تھا۔

حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کے قرآن کریم میوزیم میں زائرین اس قدیم نسخے کو دیکھ سکتے ہیں۔ دیگر تاریخی قرآنی نسخے اور اسلامی ادوار کے مخطوطات بھی موجود ہیں۔
قرآن میوزیم، مکہ مکرمہ کے نمایاں ثقافتی مقامات میں سے ایک ہے جو قرآن کریم کی خدمت اور اس کے تحفظ کے لیے مسلمانوں کی تاریخی کاوشوں کو اجاگر کرتا ہے۔
