پی سی بی کے لیے سعودی عرب کے کرکٹ کے سفر میں حصہ ڈالنا بڑا اعزاز ہے: محسن نقوی
سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے جدہ میں کنگ فہد عبدالعزیز یونیورسٹی میں قائم کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا۔
جمعے کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایکس پر ایک بیان میں کہا گیا کہ دورے کے دوران محسن نقوی نے سٹیڈیم کے مختلف حصوں، انکلوژرز اور دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے سٹیڈیم میں مجوزہ بہتری اور آئندہ منصوبوں پر بھی حکام سے تفصیلی بات چیت کی جبکہ انہیں مجوزہ تبدیلیوں سے متعلق مکمل بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ یہ سٹیڈیم سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل قریب میں یہاں بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کی بھرپور معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سعودی عرب کے کرکٹ کے شاندار سفر میں اپنا حصہ ڈالنا ایک بڑا اعزاز ہے۔