Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں آج سے بارش متوقع، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں سیلاب اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
چند روز کی شدید گرمی کے بعد اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آج بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ بھی جای کیا گیا ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں آج سے فعال موسمی نظام داخل ہو رہا ہے جس سے خیبر پختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح سات سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان بھی موجود ہے جبکہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں اس لیے دریاؤں کی سطح میں اضافے کے بھی امکانات ہیں۔
تاہم موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔
اسی طرح جن علاقوں میں آج بارشیں متوقع ہیں وہاں کل یعنی سات جولائی سے 10 جولائی تک بارشوں کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بھی شدید بارشوں کا امکان موجود ہے۔
اسی طرح بارش کے سلسلے سے تربیلا اور منگلا ڈیموں میں اضافی پانی آنے کی بھی توقع ہے۔
تاہم پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ بعض بالائی علاقوں میں سیلاب کے بھی خدشات ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران بعض شہری اور نشیبی علاقے زیر آب انے کے خدشات ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں کے علاہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خدشات ہیں۔
ادارے کی کی جانب سے شہریوں کو موسم کی صورت حال پر نظر رکھنے اور الرٹ کے دنوں کے دوران غیرضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں سیلاب اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

شیئر: