ریاض ایئر کی نویں منزل ممبئی، ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان
چار اگست سے یومیہ پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے اپنے نیٹ ورک میں توسیع کی ہے، ممبئی کے لیے چار اگست سے یومیہ پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ایئر لائن نے ممبئی کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع کر دی ہے، جو اس کی نویں منزل ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ممبئی کے چھتر پتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان یومیہ پروازیں جدید بوئنگ 787-9 ڈریم لائنز کے ذریعے چلائی جائیں گی۔
یہ اقدام سعودی عرب کو معروف عالمی و علاقائی مراکز سے جوڑنے اور عالمی معیار کا سفری تجربہ فراہم کرنے کے کیریئر کے مشن کو تقویت دیتا ہے۔
یہ روٹ مسافروں کو کنکشن کے لچکدار آپشن فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ یورپ اور مشرق وسطی کے لیے ہموار سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ سٹریٹجک انیشیٹیو ریاض ایئر کو دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی ایوی ایشن مارکیٹوں میں سے ایک، انڈین مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے اہم گیٹ وے فراہم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ یہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو پورا کرنے، بزنس ٹرپ اور فیملی وزٹس کو مزید آسان بنانے میں بھی مدد کرے گا۔
ایئرلائن کے مطابق نئے روٹس اس کی توسیعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد دارالحکومت ریاض کو دنیا کے اہم اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی مراکز سے مزید مؤثر انداز میں منسلک کرنا ہے۔

ریاض ایئر کے جدید بیڑے میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کیبن، بہتر سفری سہولتیں اور عالمی معیار کی مہمان نوازی کی خدمات شامل ہیں، ان کا مقصد مسافروں کو ایک منفرد اور مکمل سفری تجربہ فراہم کرنا ہے۔
