ریاض ایئر کی تیسری منزل، دبئی کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز
اس سے قبل لندن اور جدہ کے لیے پروازوں کا آغاز کیا گیا تھا۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے جمعرات سے اپنے جدید بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے کے ذریعے ریاض اور دبئی کے درمیان یومیہ براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
پہلی پرواز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جمعرات کی دوپہر روانہ ہوئی اور شام کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔
دبئی، ریاض ایئر لائن کی تیسری منزل ہے، اس سے قبل لندن اور جدہ کے لیے پروازوں کا آغاز کیا گیا تھا۔
ریاض اور دبئی کے درمیان پروازوں کے آغاز کا مقصد دونوں شہروں کے درمیان سفر کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی اور سیاحتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
ریاض ایئر جلد ہی قاہرہ، میڈرڈ اور مانچسٹر کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے والی ہے۔
یاد رہے ریاض ایئر، جدہ کے لیے 14 جون سے یومیہ دو پروازیں چلا رہی ہے۔ 18 جون سے یومیہ پروازوں کی تعداد بڑھا کر تین کردی گئی جبکہ دو جولائی سے چار کی جائے گی۔
اس سے قبل ریاض ایئر کی پہلی کمرشل پرواز ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
