سعودی ولی عہد کا امیر قطر کو ٹیلی فون، والد کے انتقال پر تعزیت کی
امیر قطر نے سعودی ولی عہد کے مخلصانہ برادرانہ جذبات پر شکریہ ادا کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو ٹیلی فون کر کے ان کے والد سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق امیر قطرشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سعودی ولی عہد کے مخلصانہ برادرانہ جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیابت کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے پروٹوکول امور عبدالمجید السماری نے مملکت میں قطر کے سفیر سے ملاقات کی۔ سابق امیر قطر کے انتقال پر قطری حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی بک پر تاثرات بھی درج کیے۔
یاد رہے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اتوار کی صبح انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 74 سال تھی۔
ان کے انتقال پر چار روزہ عوامی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ تمام وزارتوں، سرکاری اداروں اور عوامی اداروں میں کام معطل اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
