Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آبنائے ہرمز میں اماراتی جہازوں پر ایرانی حملہ، عملے کا ایک رکن ہلاک، 8 زخمی

حملہ اس وقت ہوا جب بحری جہاز عمان کی سمندری حدود میں تھے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں دو اماراتی جہازوں ’ممباسا‘ اور ’الباھیہ‘ پر ایرانی کروز میزائلوں کے حملے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گیا جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔
وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے منگل کی صبح بیان میں کہا ’حملہ اس وقت ہوا جب بحری جہاز عمان کی سمندری حدود میں تھے۔‘
اس حملے میں ٹینکر ممباسا پر موجود انڈیا سے تعلق رکھنے والا عملے ایک رکن ہلاک ہو گیا جبکہ آٹھ زخمی ہوئے۔ ان میں چار کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں چھ انڈین اور دو یوکرینی شہری شامل ہیں۔
بیان کے مطابق حملے سے دونوں ٹینکروں میں آگ لگنے سے مالی نقصان ہوا ہے تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا۔
وزارت دفاع نے بیان میں اس حملے کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی  قرار دیا اور کہا یہ خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’متحدہ عرب امارات اپنی سرزمین، شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھانے اور اس اشتعال انگیزی کا بھر پور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے تاکہ ملکی مختاری، سلامتی، استحکام، قومی مفادات اور سٹرٹییجک اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔‘
وزارت دفاع  کا کہنا تھا ’کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ملک کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کوشش کا بھر پور جواب دینے کے لیے تمام  ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘

شیئر: