Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نیشنل کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے لیے ریاض میں ٹرائل کیمپ

سعودی عرب میں ریاض کرکٹ لیگ کے زیرِ اہتمام سعودی نیشنل کرکٹ ٹیم کے لیے ٹرائل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ٹرائل کیمپ میں سعودی کرکٹ ٹیم کے جنرل مینیجر اور سابق پاکستانی کرکٹر اقبال سکندر، سعودی نیشنل کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سلیم جعفر، سفارت خانۂ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز اور ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر نے شرکت کی۔
ٹرائل کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت مختلف شعبوں میں مہارت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا جبکہ منتخب کھلاڑی آئندہ تربیتی کیمپ اور قومی ٹیم کے انتخاب کے مراحل میں شامل ہوں گے۔
اس موقع پر آر سی ایل کے صدر حنیف بابر اور ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز اور سلیم جعفر نے کہا کہ ایسے ٹرائل کیمپس نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان ٹرائلز کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے سعودی نیشنل کرکٹ ٹیم کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

سعودی کرکٹ فیڈریشن کے جنرل مینیجر اقبال سکندر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے درمیان معاہدے کے بعد سعودی کرکٹ میں مزید بہتری آئے گی اور جلد ہی طائف میں تیار کرکٹ سٹیڈیم میں گلف ممالک کی ٹیموں کے درمیان ٹی20 میچز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سعودی وومن کرکٹ ٹیم بھی بنائی جا رہی ہے۔

شیئر: