Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فیڈریشن اور پی سی بی کے درمیان جدہ میں سٹیڈیم کی ڈیویلپمنٹ کا معاہدہ

پاکستان اور سعودی عرب کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں مل کر کام کریں گے( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان جدہ میں کرکٹ سٹیڈیم کی ڈیویلپمنٹ کے لیے ایک سٹریٹیجک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔
فیڈریشن کے ایکس اکاؤنٹ پر کی جانے والی پوسٹ کے مطابق سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل اور پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی موجودگی میں بدھ کو ریاض میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
توقع ہے یہ معاہدہ بین الاقوامی کرکٹ میچز اور بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی تیاری کو مضبوط بنانے، سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق سرمایہ کاری کے لیے مواقع، سپورٹس ٹورازم، کمیونٹی انگیجمنٹ اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ سٹریٹیجک شراکت داری مملکت میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، سپورٹس کی طویل مدتی ترقی میں معاونت اور بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منزل کے طور پر سعودی عرب کی پوزیشن کو بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
اس تعاون کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، تیکنیکی مہارت، وینیو پلاننگ اور آپریشنل سٹینڈز پر مل کر کام کریں گے تاکہ ایک جدید کرکٹ وینیو فراہم کیا جا سکے جو بین الاقوامی مقابلوں کی ضروریات کو پورا کرے۔
شراکت داری میں وینیو انفراسٹرکچر کی ڈیویلپمنٹ، پچز کی تیاری، براڈ کاسٹ اور میڈیا سہولتیں، ہاسپٹیلٹی ایریا کے علاوہ قومی ٹیلنٹ کو با اختیار بنانا، کھلاڑیوں، کوچز اور میچ آفیشلز کی ڈیویلپمنٹ کو فروغ دینا شامل ہے۔

یہ سٹریٹیجک نتائج اس شراکت داری کے متوقع اثرات کی عکاسی کرتے ہیں جن کا مقصد کرکٹ کا فروغ اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کو سپورٹ کرنا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی وزیر سپورٹس اور کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین سے ملاقاتوں میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی۔ جس میں ٹریننگ سے لے کر سٹیڈیم کی تعمیر، سٹیڈیم کا ڈیزائن، کوچز اور ایمپائرز کی ٹریننگ شامل ہے۔
یاد رہے کرکٹ جسے عام طور پر جنوبی ایشیا میں عوام کو متحد کرنے والی ایک طاقت کے طور پر دیکھا جاتا  ہے، اب سعودی عرب میں بھی اپنا گھر بنا چکا ہے۔
سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن پلیئرز کی ڈیویلپمنٹ پر کام کر رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سعودی عرب میں کرکٹ کے تقریباً 18 ہزار کھلاڑی ہیں۔ سعودی ٹیم نے حال ہی میں ایشین کرکٹ کونسل کا چیلنج کپ بھی جیتا ہے۔

شیئر: