سعودی وزیرِ دفاع کا قطری وزیراعظم کو ٹیلی فون، سابق امیرِ قطر کے انتقال پر تعزیت
شہزادہ خالد بن سلمان نے قطری وزیراعظم سے ٹیلی فون پر تعزیت کا اظہار کیا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے بدھ کو سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی۔
علاوہ ازیں سعودی وفد نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور سعودی قیادت کی جانب سے سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت کا پیغام پہنچایا۔
وفد کی سربراہی وزیر مملکت اور شاہ سلمان کے مشیر شہزادہ منصور بن متعب بن عبدالعزیز نے کی۔ الشرقیہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن بندر، شہزادہ ترکی بن سلمان اور وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان شامل تھے۔
اس سے قبل الشرقیہ ریجن کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف بن عبدالعزیز کی سربراہی میں سعودی وفد دوحہ پہنچا تھا۔
وفد میں وزیر مملکت و کابینہ کے رکن شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف اور قطر میں سعودی سفیر شہزادہ سعد بن منصور بن سعد شامل تھے۔
یاد رہے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اتوار کی صبح انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 74 سال تھی۔
سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے 1995 سے 2013 تک ملک کی قیادت کی، وہ جدید قطر کے معماروں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے تیز رفتار اقتصادی ترقی کے دور میں ملک کی قیادت کی۔
