مکہ میں ایک ہزار برس قدیم قرآن کریم کے نسخے کی نمائش
جمعرات 16 جولائی 2026 7:56
اس نسخے کو معروف خطاط علی بن ھلال نے تحریر کیا تھا ( فوٹو: ایس پی اے)
حرمین شریفین میں دینی امور کے ادارے کے زیر اہتمام ’اقرا‘ نمائش میں قرآن کریم کا ایک نایاب نسخہ زائرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اقرا نمائش میں دیگر قدیم و نادر مخطوطات رکھے گئے ہیں تاہم یہ نایاب نسخہ نمایاں ہے۔
قرآن کریم کا یہ نایاب نسخہ ایک ہزار برس قبل معروف خطاط علی بن ھلال جو ’ابن البواب‘ کے لقب سے مشہور تھے، نے تحریر کیا تھا۔
ایک ہزار برس قدیم قرآن کریم کے نسخے پر انتہائی خوبصورتی سے حاشیے لگائے گئے ہیں جنہیں دیکھ کر عربی خطاطی اور اسلامی فنون کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔

قرآن کریم کا یہ نسخہ قدیم ترین اسلامی مخطوطات میں شمار ہوتا ہے۔ ان قدیم قرآنی نسخوں سے مسلمانوں کی کتاب اللہ سے محبت و عقیدت کی عکاسی ہوتی ہے۔
یہ نسخہ اپنی عیرمعمولی علمی، فنی اور تاریخی اہمیت کی وجہ سے نایاب ہے۔ دنیا بھر مں صرف ایسے دو نسخے موجود ہیں جو پوری اسلامی تاریخ میں قرآن کریم کی اعلٰی شان کی عکاسی کرتے ہیں۔
