شاہی ضیافت میں آنے والے عمرہ زائرین نے کسوہ فیکڑی کا دورہ کیا
جمعرات 16 جولائی 2026 20:48
یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے پہلے گروپ نے جمعرات کو مکہ مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز کمپلیکس (کسوہ فیکڑی) کا دورہ کیا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ دورہ، وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے۔ جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو بہتر بنانا اور انہیں یہ دکھانا تھا کہ مملکت خانہ کعبہ اور کسوہ کی دیکھ بھال پر کس قدر توجہ دے رہی ہے۔
شاہی مہمانوں نے کمپلیکس کے مختلف شعبوں کے کا دورہ کیا، غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا جن میں خالص ریشم کے دھاگوں کی تیاری اور رنگائی، بنائی، کڑھائی، سلائی اور آخر میں کسوہ کی مکمل تیاری شامل ہے۔
انہوں نے کسوہ کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والے مواد کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ماہر کاریگروں کے کام کا مشاہدہ کیا۔
کمپلیکس کے تیکنیکی اور پروڈکشن شعبوں کے دورے میں مہمانوں کو کسوہ کی تیاری میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا گیا۔ انہوں نے کسوہ کے ایک حصے کی علامتی تیاری میں بھی حصہ لیا۔

واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ فیکٹری زائرین کی دلچسپی کا مرکز ہے، جہاں انہیں مکمل معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ 16 ایشیائی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل پہلا گروپ سعودی عرب پہنچا ہے۔

ان ملکوں میں انڈونیشیا، فلپائن، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لاوس، مشرقی تیمور، سنگاپور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا شامل ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اس سال ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔
