Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئر کے یورپی نیٹ ورک میں توسیع، میڈرڈ کے لیے نان سٹاپ پرواز کا آغاز

سپینش ائیر لائن ایئر یورویا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے اپنے نیٹ ورک میں توسیع کی ہے، میڈرڈ کے لیے پہلی نان سٹاپ پرواز کا آغاز کر دیا۔
ایس پی اے کے مطبق پہلی پرواز جمعے کو ریاض انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر اڈولفو سواریز میڈرڈ۔ باراخاس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔
 پہلی پرواز کی آمد کے موقع پر باقاعدہ طور پر استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریاض ایئر کے سی ای او ٹونی ڈگلس، میڈرڈ کلب کے سی ای او اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔
ریاض ایئر نے سپین کی ائیر لائن ایئر یورویا کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں۔
دونوں فضائی کمپنیوں کے درمیان تعاون میں پروازوں کے باہمی رابطے، کوڈ شیئر معاہدوں پرغور، لائلٹی پروگرام میں ہم آہنگی، فضائی کارگو اور ڈیجیٹل جدت سے متعلق منصوبوں پر مشترکہ کام شامل ہوگا۔

یاد رہے ریاض ایئر نے میڈرڈ کے روٹ سے تین دن پہلے 14 جولائی 2026 کو سپینش شہر مالاگا کے لیے سینزنل پروازوں کا آغاز کیا تھا، جو 8 ستمبر 2026 تک جاری رہیں گی، اس روٹ سے مسافروں کو سپین کے کوسٹا ڈیل سول تک براہ راست پہنچنے میں سہولت ہوگی۔
فضائی کمپنی کا کہنا ہے ’ریاض۔ میڈرڈ روٹ سے سعودی عرب اور سپین کے درمیان اقتصادی، سیاحتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ اس وقت تقریبا 250 سپینش کمپنیاں سعودی عرب میں موجود ہیں، جبکہ یہ روٹ وژن 2030 کے تحت تیزی سے ابھرتے ہوئے تجارتی اور لاجسٹک مرکز ریاض تک براہ راست فضائی رابطہ بھی فراہم کرے گا۔‘

 ریاض ایئر کے سی ای او ٹونی ڈگلس نے کہا کہ ’سعودی عرب اور سپین کے درمیان ایک اہم فضائی پل قائم کیا گیا ہے۔ میڈرڈ کے لیے افتتاحی پرواز، مالا گا کے لیے سیزنل پروازوں اور ہسپانوی فضائی کمپنی (ایئریوروپا) کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے ذریعے ریاض کو دنیا کے نمایاں مقامات سے جوڑنے کے ویژن میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا ’جدید ڈریم لائنر طیاروں کے ذریعے مسافروں کو سعودی مہمان نوازی کا منفرد تجربہ فراہم کیا جائے گا، جبکہ سپین سے آنے والے مسافروں کو ریاض کے تیزی سے فروغ پاتے کاروباری اور سیاحتی شعبوں تک براہ راست رسائی بھی میسرآئے گی۔‘

 

شیئر: