Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے کئی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ، اربن فلڈنگ کے خدشات

محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
محکمۂ موسمیات نے اگلے چند روز کے لیے ملک کے کئی علاقوں میں مون سون بارشوں کے سلسلے کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق بحیرۂ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے نتیجے میں ملک کے کئی شہروں میں بارشیں ہوں گی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ارد گرد کے علاقوں میں پیر کو علی الصبح گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم کافی خوشگوار ہوا اور گرمی میں کمی واقع ہوئی۔
ان شہروں میں موسم اب بھی ابر آلود ہے جبکہ پیش گوئی کے تحت یہاں مزید بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
رپورٹ میں بالائی و وسطی پنجاب کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آج سے 23 جولائی تک مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور ساہیوال سمیت دوسرے علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور موسلادھار بارش متوقع ہے۔
اسی طرح جنوبی پنجاب میں بھی بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
20 سے 24 تک نور پور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں پیر کی صبح بارش ہوئی (فوٹو: اے پی پی)

خیبر پختونخوا میں موسم کی صورت حال کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ آج سے 23 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، کرک، ٹانک، لکی مروت، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بنیر، کوہاٹ، کرم، ڈی آئی خان، بنوں، وزیرستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور ہنگو میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا خدشہ ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے اور 20 سے 23 جولائی کے دوران شمالی اور شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، لورالائی، کوہلو، سبی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سندھ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہاں کے زیادہ تر علاقوں میں موسم شدید گرم اور حبس زدہ رہے گا تاہم 20 سے 24 جولائی کے دوران تھرپارکر، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، دادو اور جیکب آباد میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان میں 25 جولائی تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اس دوران دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں وقفے وقفے سے بارش ہونے اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔
محکمے کی جانب سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شیئر: