سِکّے گواہ ہیں کہ العلا پر صدیوں تک خوشحالی کا راج رہا
منگل 21 جولائی 2026 11:59
العلا جزیرۂ عرب میں قدیم تجارتی قافلوں اور تہذیب کا اہم مرکز رہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قدیم تاریخی شہر العلا کے مقام الحجر سے دریافت ہونے والے مختلف ادوار کے سکوں نے اس قدیم شہر کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ماہرینِ آثارِ قدیمہ کا کہنا ہے کہ یہ سکے ان نوادرات میں شامل ہیں جن کی مدد سے عہدِ رفتہ کی معاشی سرگرمیوں، مالیاتی نظام اور مختلف تہذیبوں کے درمیان تجارتی روابط کا مطالعہ کرنے میں مدد ملے گی۔
ان سکوں کے نقوش، علامات اور درج تحریریں بھی اُس دور کی سیاسی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتی ہیں۔
دریافتوں میں آٹھویں اور ساتویں صدی قبل مسیح کے چاندی کے سکے، پہلی صدی عیسوی کے کانسی کے سکے اور پہلی صدی ہجری کے آخر کے اموی اسلامی سکے شامل ہیں جو العلا میں ہر دور میں معاشی سرگرمیوں کے تسلسل کی عکاسی کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ دریافتیں اس بات کی بھی نشاندہی کرتی ہے کہ العلا ماضی میں محض تجارتی قافلوں کے لیے ایک پڑاو کا مقام نہیں تھا بلکہ اشیا اور ثقافتوں کے تبادلے کا ایک فعال مرکز بھی رہا ہے۔
یہ شہر علاقائی مالیاتی نظام سے متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ جنوبی جزیرۂ عرب، شام، مصر اور بحیرۂ روم کے خطوں کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے میں بھی اہم کردارادا کرتا رہا۔

قدیم شہر کے یہ آثار اس بات کی بھی تصدیق کرتے ہیں کہ العلا، شمال مغربی جزیرۂ عرب میں قدیم تجارتی قافلوں اور تہذیب کا اہم مرکز بھی رہا تھا۔
