خیبر پختونخوا: بارشوں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے 12 ہلاک
خیبر پختونخوا: بارشوں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے 12 ہلاک
منگل 21 جولائی 2026 11:02
خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات ہوئے (فائل فوٹو: روئٹرز)
خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات و واقعات میں 12 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے جبکہ نوشہرہ میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کے باعث کچھ مقامات پر چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے۔
مرنے والے افراد میں چھ مرد، پانچ خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں آٹھ مرد، دو خواتین اور پانچ بچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث واقعات پشاور، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، چترال لوئر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تور غر اور کرم میں پیش آئے۔
مجموعی طور پر 14 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں ایک مکمل طور پر منہدم ہوا جبکہ 13 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
خیبر پختونخوا میں ہونے والی تازہ ہلاکتوں کے بعد جون کے اواخر میں شروع ہونے والے مون سون کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی کُل تعداد 35 ہو گئی ہے۔
نوشہرہ میں سیلاب، کئی گاڑیاں ریلوں میں پھنس گئیں
شدید بارشوں کے باعث نوشہرہ شہر سے گزرنے والے دریائے کابل میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے اور پانی قریبی علاقوں میں پھیل گیا۔
جس کے بعد کئی گاڑیاں سیلابی پانی میں پھنس گئیں تاہم ریسکیو 1122 نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں اور ان میں پھنسے افراد کو بحفاظت باہر نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا۔
اسی طرح اکوڑہ خٹک میں 12 افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے جن کو ریسکیو ٹیموں نے باہر نکالا جبکہ آدم زئی کے علاقے میں پھنسے چھ افراد کو نکالا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دوسرے متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے چند روز قبل بارش کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ادارے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بلاوجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، خود کو موسمی صورت حال سے باخبر ہیں اور حکومتی اداروں کے الرٹس اور ایڈوائزریز پر عمل کریں۔
ترجمان پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع یا موسمی صورت حال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پچھلے ہفتے 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی اور پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔
اسی طرح پیر کو جاری ہونے والی ڈیل سچوئیشن رپورٹ میں این ڈی ایم اے نے کہا تھا کہ مون سون شروع ہونے کے بعد سے ملکی سطح پر 47 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔